وہ آدمی جس کی بیوی نے چند ماہ میں ہی 57 کروڑ روپے خرچ کر ڈالے، اتنی رقم کس چیز پر لگائی؟ مرد اس کا جواب دل تھام کر پڑھیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک برطانوی شہری انڈونیشیئن خاتون کی محبت میں گرفتار ہوا اور اس سے شادی کر لی لیکن خاتون نے اس کے ساتھ ایسا کام کر دیا کہ سن کر ہی شوہروں کا کلیجہ منہ کو آ جائے گا۔ میل آن لائن کے مطابق 36سالہ کرسٹوفر فورٹ کی ملاقات 38سالہ جولیانا پوزمین سے ہوئی اور ملاقات کے دو ماہ بعد ہی انہوں نے شادی کر لی۔ شادی کے بعد جولیانا کرسٹوفر سے مسلسل رقم کا تقاضا کرتی رہتی ۔ اگر اس کے پاس پیسے نہ ہوتے تو اسے اپنے ماں باپ سے مانگ کر دینے کو کہتی۔
جولیانا نے بہانہ کر رکھا تھا کہ اسے برطانوی ویزے کے لیے اپنی بینک سٹیٹمنٹ میں 50لاکھ پاﺅنڈ کی رقم ظاہر کرنی ہے اور وہ یہ رقم ضائع نہیں کر رہی بلکہ اس کے بینک اکاﺅنٹ میں محفوظ پڑی ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ تھی کہ جولیانا یہ تمام رقم جوئے میں ہار رہی تھی۔ یہی نہیں بلکہ وہ دو کاروباری افراد آئزک کئے اور وارن رائٹر سے بھی 25لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 40کروڑ 70لاکھ روپے) قرض لے کر جوئے میں ہار چکی تھی۔ آئزک اور وارن دونوں جولیانا کے دوست تھے۔ ایک روز آئزک اور وارن دونوں کا ایک خط کرسٹوفر کو ملا جس میں قرض کی واپسی کا تقاضا کیا گیا تھا۔
کرسٹوفر نے یہ خط ملنے پر جب جولیانا سے پوچھ گچھ کی تو اس نے ایسا انکشاف کیا کہ کرسٹوفر کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ جولیانا نے اسے بتایا کہ وہ اب تک 35لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 57کروڑ روپے) جوئے میں ہار چکی تھی اور لاکھوں پاﺅنڈ اپنے بھائی اور ماں باپ کو انڈونیشیاءبھجوا چکی تھی۔ کرسٹوفر نے یہ انکشاف ہونے پر جولیانا کو طلاق دے دی اور عدالت میں طے ہوا کہ جولیانا کرسٹوفر سے حاصل کی گئی رقم اسے 1700پاﺅنڈ ماہانہ قسط کے حساب سے واپس کرے گی لیکن اس نے ایک بھی قسط ادا نہیں کی او روہ خود کو دیوالیہ ظاہر کر چکی ہے۔ اب کرسٹوفر اور اس کے والدین کنگال ہو کر مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ جولیانا لندن کے ایک لگژری فلیٹ میں رہائش پذیر ہے۔
اس واردات پر کرسٹوفر کا کہنا تھا کہ ”میں محبت میں اندھا ہو گیا تھا، میں صبح اٹھتا تو وہ رو رہی ہوتی تھی۔ میں پوچھتا تو وہ رقم کا تقاضا کرتی۔ میں پاس جو کچھ تھا وہ میں نے اسے دے دیا اور پھر اپنے والدین کی جمع پونجی بھی مانگ کر اسے دے دی۔ اب وہ خود کو دیوالیہ ظاہر کرکے برطانیہ میں رہ رہی ہے۔ ایسی لڑکی کو ویزہ نہیں ملنا چاہیے۔“دوسری طرف بتایا گیا ہے کہ آئزک اور وارن بھی جولیانا کا قرض معاف کر چکے ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے میل آن لائن کی طرف سے بھیجی گئی ای میل کا کوئی جواب نہیں دیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں جولیانا نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر کچھ تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں وہ ایک تفریحی مقام پر لگژری چھٹیاں منا رہی ہوتی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دوسروں کو کنگال کرکے خود بہترین زندگی گزار رہی ہے۔ جولیانا کی طرف سے بھی ڈیلی میل کے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔