عالمی کرکٹ کی واپسی پی سی بی کا بڑا کارنامہ ہے :عبدالرزاق
کراچی (یوا ین پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق نے کہا ہے کہ ایک طویل عرصے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بڑا کارنامہ ہے مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں بھی کئی اور غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ویسٹ انڈیز کے مابین ٹی 20 میچ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں کسی بھی ٹیم کوفیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا تاہم پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹج حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کے لئے اپنی جگہ مستحکم کرنے کا بہترین موقع ہے، خاص طور پر فہیم اشرف، حسین طلعت اور آصف علی سے اچھی توقعات وابستہ ہیں۔ سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد پر دنیا بھر میں یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے لئے مکمل محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے باقی میچز دلچسپ ہو ں گے۔