کوئٹہ میں ایک ہی دن میں مختلف واقعات میں 10افراد کو ہلاک کردیا گیا
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کوئٹہ میں 10افراد جان کی بازی ہار گئے، شاہ زمان روڈ پر 4 افراد، قمبرانی روڈ پر5 اور دشت روڈ پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں قیام امن زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا، شہر کی سڑکوں پر گولیاں برسا کر10افراد سے زندگی چھین لی گئی۔شاہ زمان روڈ پرفائرنگ سے خاتون سمیت 4افراد لقمہ اجل بنے، قمبرانی روڈ پر5 افراد کو ابدی نیند سلا دیا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتاہے۔دوسری جانب دشت روڈ پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس اب تک واقعات میں ملوث کسی بھی ملزم کو تاحال گرفت میں نہ لاسکی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کےلئے بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا۔گزشتہ روزٹیکسی پرفائرنگ کرکے قتل کیے گئے شخص کے رشتے داروں نے علمدار روڈ پر دھرنا دیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔