چین کا جوابی حملہ،شراب سمیت 128 امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد
بیجنگ(این این آئی)چین نے امریکہ سے درآمد کی جانے والی 128 اشیا پر 25 فیصد تک محصول عائد کر دیا ہے جن میں شراب اور خنزیر کا گوشت بھی شامل ہے۔
چینی خبررساں ادارے کے مطابق محصول میں اضافے سے 3 ارب ڈالر کی درآمدات متاثر ہوں گی۔چین نے کہا کہ یہ اقدام 'چینی مفادات کے تحفظ' اور امریکہ کے نئے محصول سے ہونے والے نقصانات کے سلسلے میں توازن پیدا کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔اس سے قبل چین نے کہا تھا کہ وہ تجارتی جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر ان کی معیشت متاثر ہوتی ہے تو وہ خاموش نہیں بیٹھے گا۔اصولی طور پر چین ایپل جیسی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی پر محصول لگا سکتا ہے اور ایسے اقدام کے نتیجے میں کمپنی اپنے خسارے کو پورا کرنے کے لیے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔