جہانگیر ترین ، شاہ محمود دونوں اپنی اپنی جگہ ڈپٹی وزیر اعظم: بلاول بھٹو

جہانگیر ترین ، شاہ محمود دونوں اپنی اپنی جگہ ڈپٹی وزیر اعظم: بلاول بھٹو

لاڑکانہ (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ایک طرف ڈپٹی وزیر اعظم جہانگیر ترین اور دوسری طرف ڈپٹی وزیر اعظم شاہ محمود قریشی ہیں ، دونوں آپس میں ہی لڑتے رہتے ہیں ملک کا بیڑہ غرق ہو گیا ہے، عوام پر پٹرول بم گرا ئے جا رہے ہیں ، ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے، موجودہ حکومت کہتی ہے ہمیں غریب عوام کا احساس ہے،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ حکو مت کا نہیں پورے پاکستان کاہے ، یہ پروگرام پورے ملک میں انقلاب لے کر آیا، حکومت اسے ختم کرنے کے درپے ہے ،میں مولانا فضل الرحمن کی عزت کرتا ہوں،میری نئی سوچ ہے ، میری نظریاتی پوزیشن سب کے سامنے ہے ،مولانا فضل الرحمن ہماری ٹریننگ میں آجائیں تو ملک کیلئے بہتر ہو گا،ہم سب کو مل کر سندھ کے مسائل حل کرنا چاہئیں،موجودہ حکومت سندھ کے عو ا م سے صوبے کے تمام حقوق چھیننا چاہتی ہے ،عوام میرا ساتھ دیں تاکہ تمام سازشوں کو ناکام بنائیں ، یہ طے ہے عوام دشمن حکومت زیادہ دیر نہیں رہ سکے گی ۔ پیر کو لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب میں انکامزید کہنا تھا ہم خواتین کو معاشی و سیاسی طور پر با اختیار بنانا چاہتے ہیں ، بی آئی ایس پی اور وسیلہ روزگار جیسے پروگرام صر ف پی پی ہی شروع کر سکتی ہے ، ہم دعا کرینگے کے حکومت کو بھی عوام کی بھلائی کیلئے ایسے پروگرام شروع کر نے کی توفیق ہو ، ہم خواتین کے ہر میدان میں آنے کی حمایت کرتے ہیں ، میں نے غریب عوام کی خدمت کرنا بینظیر بھٹو شہید سے ہی سیکھا ، عوام پہچانیں عمران خان کے ارد گرد بیٹھے لوگ ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے گئے قانون کو ختم اور ملک میں ون یونٹ کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں ۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شاعرانہ انداز میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ایک شعر لکھا ’’مٹا سکا کوئی کیدو کسی بھی ہیر کا نام؟،’’مٹانے آئے ہو اب تم جو بینظیر کا نام‘‘۔

مزید : صفحہ اول