پاکستان ون ڈے کپ کا میلہ آج سے راولپنڈی میں سجے گا

پاکستان ون ڈے کپ کا میلہ آج سے راولپنڈی میں سجے گا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سٹارکرکٹرز کے بغیر پاکستان ون ڈے کپ (آج)منگل سے راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا جس کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ، افتتاحی میچ پنجاب اور بلوچستان کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائیگا ، دفاعی چیمپئن فیڈر ایریاز کی مہم خیبرپختونخوا کیخلاف (کل)بدھ کو شیڈول میچ سے شروع ہوگی ۔ورلڈکپ کے ممکنہ سکواڈ میں شامل اسٹارکرکٹرز آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بعد اس ڈومیسٹک ایونٹ میں بھی آرام کرینگے۔ٹورنامنٹ میں 5ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی جن میں پنجاب، بلوچستان،سند ھ ،خیبر پختونخوا اور فیڈرل ایریا شامل ہیں،تورنامنٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والے ایونٹ کا آغاز(آج) سے ہوگا، افتتاحی میچ میں پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی، فائنل میچ 12اپریل کو ہوگا،تمام مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 35 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، فاتح ٹیم کو 20 اور رنرز اپ کو 10لاکھ روپے دئیے جائیں گے، ہر لیگ میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25ہزار کا انعام ملے گا،ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بولر، آل رانڈر اور فائنل کے مین آف دی میچ کو ایک ایک لاکھ روپے جیب میں ڈالنے کا موقع ملے گا، ہر کھلاڑی کی میچ فیس بھی 33 سے بڑھا کر 35ہزار کردی گئی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی