بھاری قرضوں نے خزانے خالی کر دیئے، حکومت قومی معیشت کے استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے: علی محمد خان
سرگودھا؍اسلام آباد(بیورو رپورٹ؍ این این آئی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امو رعلی محمد خان نے کہا ہے کہ ماضی میں لئے گئے بھاری قرضوں نے ملک کے خزانے دیوالیہ ہونے کے قریب ہیں۔ مسلمان مشکلات سے نہیں گھبراتے ۔آئندہ چند ماہ میں ملکی معیشت مستحکم ہوجائے گی اور مہنگائی پر قابو پالیا جائیگا ۔عوام کوان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ شکایات کو مقامی پر سطح پر حل کرنے کیلئے بھی ٹھوس منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ قبضہ مافیا ہمارے ملک کا سب سے بڑا المیہ ہے ان کے خلاف سیکورٹی ادارے متحرک ہیں او ران جلد ہی ان کا قلع قمع کر دیاجائیگا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے کمیٹی روم میں وزیر اعظم شکایات سیل کو بھجوائی گئی شکایات کنندگان اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ایم این اے چوہدری عامر سلطان چیمہ ‘ سابق ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز ‘ آر پی او سرگودہا سید خرم علی ‘ ڈپٹی کمشنر سلوت سعید ‘ ڈی پی او حسن مشتاق سکھیرا ‘ ایس ای فیسکو میاں انور ‘ سی ا ی او تعلیم ریاض قدیر بھٹی ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سلیمان زاہد ‘ سوئی گیس ‘ پاسپورٹ ودیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی وڈویژنل سربراہان بھی موجود تھے ۔ وزیر مملکت نے کہاکہ ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔ لوٹ کھسوٹ ہمارا ایجنڈا نہیں ۔ ایماندار شخص احتساب سے نہیں ڈرتا وہ عوامی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھتا ہے ۔صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خدمت کے بہترین معیارپر قائم ہیں ۔ انہیں ہٹانے کی خبریں من گھڑت او ربلا جواز ہیں ۔کھلی کچہری میں انہوں نے قبضہ زدہ زمین کی شکایات پر پولیس کو ضابطے کے مطابق فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ایک معذور شخص کو علاج معالجہ او رمیڈیکل بیڈ فراہم کرنے ‘ سرگودہاکے چک نمبر 50 شمالی کی غریب آبادی کو فوری بجلی فراہم کرنے ‘ کارگل جنگ کے شہیدلیفٹنٹ کرنل حنیف کی یادگار تعمیر کرنے اور سڑک کو ان کے نام سے منسوب کرنے ‘ بیوہ کی زمین پر قبضہ کر کے تعمیر پلازہ کو منہدم کرنے ‘ ایک بیوہ کو بیت المال سے امداد فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔انہوں نے ان احکامات پر عمل درآمدکے بعد فیڈ بیک وزیر اعظم شکایت سیل کو بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناء پیر کو ایک انٹرویو کے دوران وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت قومی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے،غیرملکی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کیلئے آرہے ہیں، سکیورٹی فورسز اور عوام کی بے مثال قربانیوں کے باعث ملک میں امن بحال ہوگیاہے۔ حکومت معیشت مستحکم بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔علی محمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے اقتصادی اشاریوں میں بہتری نظر آرہی ہے۔وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ پاکستان ریلوے، اسٹیل ملز، قومی ایئرلائن، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات لائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آ رہے ہیں۔ملک میں امن کے حوالے سے وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کے باعث ہی ملک میں امن بحال ہوا ہے۔
علی محمد خان