کراچی کی تاریخی عمارتوں کی صفائی کا کام ،آغاز ڈینسو ہال سے ہوگا

کراچی کی تاریخی عمارتوں کی صفائی کا کام ،آغاز ڈینسو ہال سے ہوگا

لاہور(فلم رپورٹر)تاریخی ڈینسو ہال کی بیرونی صفائی کا کام ہیریٹیج فاونڈیشن پاکستان اور روٹری کلب کراچی نیو سنٹرل کے اشتراک سے اتوار 14 اپریل کو میرئیٹ روڈ پر صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک انجام دیا جائے گا اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔کراچی شہر کی عظمت کی بحالی کے پس منظر میں دئیے گئے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہیریٹیج فاونڈیشن آف پاکستان نے پہلے مرحلے میں میریٹ روڈ کی تاریخی عمارتوں کے بیرونی حصّوں کی جدید طریقوں سے صفائی کا کام انجام دینے کا بیڑا اٹھایا ہے جس کا آغاز 1886 کے تعمیر شدہ ڈینسو ہال سے کیا جارہا ہے۔ثقافتی ورثہ کی بحالی میں ہیریٹیج فاونڈیشن اور روٹری کلب پیش پیش ہیں آگے چل کر میرئیٹ روڈ کی کم و بیش تمام تاریخی عمارتوں کے بیرونی حصّوں کو ایک ایک کر کے ہر اتوار کے روز کراچی کے ورثے کی حفاظت سے متعلق مہم کے تحت رضاکارانہ طور پر اِسی طرح صاف کیا جائے گا ۔

اور یہ یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

کہ پیدل چلنے والوں کے لئے راستے اُستوار ہوں۔ روٹری کلب کراچی نیوسنٹرل اس نیک کام میں شانہ بشانہ ہے جب کہ حکومت کی جانب سے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔ماہر تعمیرات یاسمین لاری رضاکاروں کو عملاً سمجھائیں گی کہ کس طرح خوبصورت رنگ دار پتھر کو دھیمے اور جدید انداز سے نقصان پہنچائے بغیر صاف کیا جاتا ہے۔ یہ ایونٹ کراچی میں رہنے والوں کو تاریخی ورثے کی اہمیت سمجھنے اور اس کی حفاظتی مہم میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔ سال 2001 میں کاروان کراچی سٹریٹ فیسٹول کے موقع پر ہونے والی اسی طرز کی سرگرمیوں کا انعقاد سات ماہ کے عرصے میں کامیابی سے ہوا تھا۔ اس مرتبہ موسیقی، سٹریٹ تھیٹر اورپینٹنگ کے مقابلے ایونٹ کا حصّہ ہوں گے جن میں کراچی کی مصروف اہم شخصیات اور میڈیا نمائندگان شرکت کریں گے۔

مزید : کلچر