صفائی کیلئے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بھرپور اقدامات کرے،سعید غنی

صفائی کیلئے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بھرپور اقدامات کرے،سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل شہر کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی کے لئے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بھرپور اقدامات کرے اور جن جن اضلاع میں چائنیز کمپنی اور ڈی ایم سیز کے مابین کچھ تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے۔ شہر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ملیر میں شکایات دن بدن بڑھ رہی ہیں اور اگر چائینز کمپنیاں یہاں معاہدے کے تحت کام نہیں کررہی ہیں تو اس کا متبادل راستہ اختیار کیا جائے۔ سندھ حکومت کسی صورت بھی صفائی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ملازمین کی تنخواؤں سمیت ان کے جائز مسائل کا فوری حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مرکزی دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم ڈی SSWMB اے ڈی سنجنانی ، سیکرٹری نادر خان، تمام اضلاع کے ڈیٹی ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز سمیت اعلیٰ افسران شریک تھے۔ صوبائی وزیر کو ایم ڈی کی جانب سے شہر میں چائنیز کمپنیوں کی جانب سے تاحال کئے جانے والے کام کے حوالے سے مکمل بریفینگ دی گئی جبکہ انہیں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ اور ایسٹ میں صورتحال 90 فیصد تک بہتر ہے البتہ ڈسٹرکٹ ویسٹ اور کچھ ماہ قبل ملیر میں شروع کئے گئے کاموں پر ابھی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ملیر کے حوالے سے ان کے چیئرمینوں اور دیگر منتخب نمائندوں کی جانب سے انہیں متعدد بار شکایات مل رہی ہیں اور وہاں چائینز کمپنی کی جانب سے کام بند کئے جانے کی بھی رپورٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت بلیک میل نہیں ہوں گے اور نہ ہی معاہدے کے برخلاف کوئی کام ہونے دیں گے اس لئے اگر چائینز کمپنیاں معاہدے کے تحت کام نہیں کرپارہی ہیں تو فوری طور پر ان کا متبادل لایا جائے۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایم ڈی کو ہدایات دی کہ مانیٹرنگ پر متعین ڈپٹی اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتن کریں اور مکمل مانیٹرنگ کریں اور اگر اس میں کوئی کوتاہی ہو تا انہیں فوری طور پر معطل کیا جائے۔

Ba

مزید : صفحہ اول