وزیر معدنیات کی شموزئی تا رنگیلا گڑھی سڑک معیاری تکمیل کی ہدایت

وزیر معدنیات کی شموزئی تا رنگیلا گڑھی سڑک معیاری تکمیل کی ہدایت

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے پیر کے روز کا 30کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والی شموزئی تارنگیلا گڑھی سوات کی سڑک کا معائنہ کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ سڑک کوبین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے نیز اس میں کسی قسم کا کوئی ناقص مٹریل استعمال نہ کیا جائے اور تعمیراتی کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو تکلیف سے بچاجاسکے اور علاقے کے عوام کو بہترین سہولت میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کو شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے وہ خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔مزکورہ سڑک کے معائنے کے دوران علاقے کے عمائدین،ناظمین اور سی این ڈبلیو کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر معدنیات نے کہا کہ اس سڑک کو C&W کے فنڈزسے تعمیر کیا جارہا ہے جس سے یونین کونسل شموزئی ، گڑھی اور رنگیلا کے عوام کا دیر ینہ مسلہ حل ہو جائے گا۔اس کے علاوہ سیاح بھی اس سڑک سے مستفید ہوسکیں گے جس سے صوبے کی سیاحت کو فروغ حاصل ہونے میں بھی مدد ملے گی۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ جدید دور میں سڑکوں کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا اور صوبائی حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ شہروں اور دیہاتوں میں سڑکوں کا جدید نظام قائم ہو اور عوام کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری منصوبوں میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کرتے ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کسی منصوبے میں رتی برابربھی خوردبرد نظر آئی تووہ ان کے علم میں لائیں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف سخت قانون کارروائی کی جاسکے۔

مزید : صفحہ اول