بٹ خیلہ یونین کونسل پلئی کا اراضی کے متاثرین کا عدم ادائیگی پر احتجاجی مظاہرہ

بٹ خیلہ یونین کونسل پلئی کا اراضی کے متاثرین کا عدم ادائیگی پر احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بٹ خیلہ(بیورو رپورٹ) سوات ایکسپریس وے کی وجہ سے بے گھر ہونے والے یونین کونسل پلئی شاہ کوٹ ناواگئی کے درجنوں مکینوں نے مسمار ہونے والے گھروں اور آراضی کے معاوضے کے عدم آدائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ دو سال گزرنے کے باوجود ہمیں ہمارے آراضی اور مسمار ہونے والے گھروں کا معاوضہ نہیں دیا گیا اور نہ ہی گھروں کا کرایہ دیا جارہا ہے۔ سر چھپانے کے لئے مقامی قبرستان میں خیمے لگا کر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں لیکن تھانہ سے تعلق رکھنے والے باآثر شخص نے جھوٹے بیان کے ذریعے ہم پر دعویداری کی ہے اور قبرستان سے بھی ہمیں نکالنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ معاوضے اور کرایے کے عدم آدائیگی کے خلاف احتجاج یونین کونسل پلئی کے علاقے ناواگئی شاہ کوٹ میں کیا گیا جس سے آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق اُمیدوارصوبائی اسمبلی پی کے 18ملاکنڈ سید وہاب خان ،گل شیر ، گل زادہ ، لعل زادہ ، عالمزیب خان ، گل زمین ، شاہ زمان ، سالار خان اور محمد حسین سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔متاثرین نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے کے تعمیراتی کام شروع کرتے وقت ہم سے معاوضے اور گھر خالی کرانے کے کرایے دینے کے وعدے کئے گئے لیکن دو سال گزرنے کے باوجو دنہ توRD64-65کے حدودات میں رہائش پذیر مکینوں کو معاوضہ دیا گیا اور نہ ہی گھر خالی کرانے کا کرایہ دیا گیا ہے اور نہ ہی ملبہ ہٹایا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہم در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور فریاد لیکر ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ، اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ، ایف ڈبلیو او اور دیگر متعلقہ اداروں کے دفاتر کے چکر لگا کر تھک چکے ہیں لیکن اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے سے متاثر ہونے والے با آثر لوگوں کے زمینوں کی قیمتیں ادا کئے گئے ہیں جبکہ ہمارے جیسے بے آسرا لوگوں کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے ۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق اُمیدوار صوبائی اسمبلی سید وہاب خان نے کہا کہ علاقہ تھانہ کے با آثر آفراد زمینوں میں مداخلت کر رہے ہیں حالانکہ ان آراضی کی ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ مقررین نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے ترقی کا منصوبہ ہے لیکن اس کی وجہ سے ہمیں بے گھر اور بے آسرا کیا جارہا ہے اس لئے ہم ایسے ترقیاتی منصوبے کا کیا کریں گے ؟ مقررین نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان ، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان سمیت دیگر متعلقہ حکام سے شاہ کوٹ پلئی کے متاثرین کی فریاد سننے اور فوری طور پر معاوضے کے آدائیگی اور کھیتوں اور گھروں سے ملبہ ہٹانے کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔