’’پٹرول بم‘‘ عوام کی چیخیں م، اپوزیشن جماعتیں سڑکوں پر آنے کیلئے تیار

’’پٹرول بم‘‘ عوام کی چیخیں م، اپوزیشن جماعتیں سڑکوں پر آنے کیلئے تیار

ملتان ‘ چوک سرور شہید‘ عالی والا ‘ بہاولپور (سٹی رپورٹر ‘ نیوز رپورٹر ‘ نامہ نگار ‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ملتان (سٹی رپورٹر)پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر عوامی ، سیاسی ، سماجی اور مذہبی حلقوں میں شدید تشویش کی لہردوڑ گئی ہے ،مختلف جماعتوں کے رہنما وں نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو مسترد کردیا ہے ،اس حوالے سے روزنامہ پاکستان کے موبائل فورم میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے شیخ طارق رشید ،ضلعی صدر محمد بلا ل بٹ اور(بقیہ نمبر56صفحہ12پر )

حامدخان نے اپنے ردعمل میں کہاکہ موجودہ حکومت نے یہ اضافہ کرکے عوام پر پیٹرول بم گرایا ہے ،مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پیٹرول 64 روپے لیٹر تھا جو کہ انہوں نے 100روپے تک پہنچادیا ہے اور مزید اضافہ بھی ہوتا دکھائی دے رہاہے ، موجودہ ناکام حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے ، عوام نے بھی تبدیلی کا مزہ چکھ لیا ہے اور عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں اورووٹ دینے والے خود شرمندہ ہیں،اب عوام سڑکوں پر آئے گی اور روز روز مہنگائی میں اضافہ کرنے والی حکومت کا بوریا بستر گول کرے گی ،ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے کہاکہ عمران خان جس سونامی کی بات کرتے تھے لگتا ہے وہ مہنگائی کا سونامی ہے کیونکہ دس ماہ میں حکومت نے منی بجٹ اور مہنگائی در مہنگائی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ، انجینئر ممتاز احمد خان نے کہاکہ حکومت کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہیئیں اس طرز کے فیصلے سراسر نقصان دہ ہوتے ہیں مہنگائی سے عوام پہلے بہت پریشان ہے اور دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوامی مسائل میں اضافہ کرے گا،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ضلعی امیر علامہ عبدالرحیم گجر نے کہاکہ موجود حکومت مکمل طور پرناکام ہوچکی ہے یہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ، ممتاز مذہبی رہنما وسکالر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے کہاکہ حکومت عوامی حیثیت کے برعکس کوئی فیصلے عجلت میں نہ کرے عوام کوریلیف دینے کی کوشش کی جائے عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے۔مذہبی رہنما علامہ سید مجاہد عباس گردیزی نے کہاکہ حکومت کے اس فیصلے نے عوام کابھرکس نکال دیا ہے اسے واپس لیا جائے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔جے یو آئی ف کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مفتی حبیب اللہ بلال نے کہاکہ اس حکومت سے خیر کی کوئی بھی توقع نہیں ہے اس حکومت نے اپنی اصلیت دکھا دی ہے یہ فیصلہ سراسر ظلم ہے اور اسے واپس نہ لیا گیا مہنگائی کوکنٹرول نہ کیا گیا تو حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلے گی ،جے یو پی کے مرکزی رہنما علامہ شفیق اللہ بدری ،ممتاز سماجی رہنما صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم اور تجزیہ کار رانا اعجاز حسین نے کہاہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کو اس لئے ووٹ دیئے تھے کہ انہیں ریلیف ملے گا عمران خان کو چاہئے کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکرگی پر غوروخوض کریں اور عوام کو ریلیف دینے کی پالیسی مرتب کی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کی جائے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی وجہ سے ہر طرف مہنگائی کا ایک نیا طوفان بپا ہوجاتاہے۔ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے حکومت وقت غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انکے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین رہی ہے وزارت خزانہ کا گزشتہ بیانیہ تھا کہ عوام کی چیخیں نکلیں گی جو کہ سچ ثابت ہوا ایسے ناکام ترین وزیر خزانہ کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیئے کیونکہ ملکی معیشت روز بروز تباہی کی طرف گامزن ہے روپے کی قیمت میں ریکارڈ کمی اور ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ اس نااہل سلیکٹڈ حکومت کا کارنامہ ہے ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر، جنرل سیکرٹری ملتان سٹی اے ڈی بلوچ، سیکرٹری انفارمیشن ملتان سٹی ریاض رضا، ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن و انچارج میڈیا سیل پیپلزپارٹی ملتان سٹی خواجہ عمران، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی امین ساجد اور ایوب انصاری، ترجمان پیپلزپارٹی ملتان سٹی وحیدالحسن بھٹہ جانباز، نائب صدور ملتان سٹی منظور قادری، ساجد بلوچ، عمران انصاری، الطاف وینس، مشتاق بلوچ،اللہ بخش بھٹہ،نعیم شہزاد بھٹی، حاجی خلیل راں، سیکرٹری تعلقات عامہ ملتان سٹی زاہد محمود صدیقی نے پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے سیکرٹریٹ آفس سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کیا مزید کہا کہ اگر حکومت وقت نے پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ واپس نہ لیا تو پیپلزپارٹی سلیکٹڈ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی کیونکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی ایشوز کی سیاست کی ہے آج سلیکٹڈ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت ملک تباہی کے کنارے پر کھڑا ہے عوام کا مہنگائی سے جینا محال ہے کسان، مزدور، کاروباری طبقہ، سرکاری ملازم غرض ہر طبقہ فکر پریشان و بدحال ہے لیکن حکومت وقت صرف انتقامی سیاست پر تمام تر توانیاں لگا کر دراصل اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے پر عوام کے تاثرات جا ننے کیلئے سروے میں چوک سرور شہید کے شہریوں چوہدری اصغر علی شاہد ،چوہدری احسان علی دیو ، حاجی اختر علی آڑھتی ،چوہدری یا سر مان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر خودکش حملے کے مترادف ہے ، حکو مت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دینا شروع کر رکھی ہے موجودہ حکو مت تبدیلی کے بڑے بڑے دعوے کر کے اقتدار میں آئی تھی مگر حکو مت نے سوائے مہنگائی کے عوام کو کچھ نہ دیا ہے ،ملک منیر احمد ملا نہ ،محبوب عالم مہروی ،ڈاکٹر محمد کا شف ، ڈاکٹر عبدالقیوم ، ڈاکٹر جاوید اسلم و دیگر نے سروے میں اظہار خیا ل کر تے ہو ئے کہا کہ بڑھتی ہو ئی مہنگا ئی نے غریب عوام سے دووقت کی روٹی بھی چھین لی ہے حکو مت نے اپنے سات ماہ میں عوام کو مہنگائی کی دلدل میں پھینک دیا ہے آئے روز اشیا ئے صرف کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔اعلان کرنے سے ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی عملی کام کرنے سے اور عمل درآمد کرنے سے تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔ٹی ۔وی پر آکر اعلان کرنے یا بیان بازی کرنے سے ملک میں ترقی اور خوشحالی نہیں آسکتی ۔ اگر ملک میں ترقی لانا ہے تو کرپش کا خاتمہ کرنا ہوگا اور مہنگائی پر کنٹرول کرنا ہو گا۔ یہ سب کچھ سختی سے اور عملی طور پر کرنا ہو گا ۔احتساب ضرور کریں لیکن انتقام نہ لیا جائے ۔ غریب عوام کے لیے کوئی ایسا کام دکھائیں ۔ جس سے عوام کو ریلیف مل سکے ۔ ابھی تک آپ کے چھ ماہ کی کارگردگی نِل ہے ۔ دعوے تو اتنے بڑے بڑے کیے تھے ۔ پورے ملک میں انقلاب آجا ئے گا۔ ایسا انقلاب آیا عوام کی چیخیں نکالو ادیں ۔ یہ بات سرائیکستان قومی اتحاد کے سینئر رہنما ملک غلام سرور ڈکھنہ ملک ابراہیم ڈکھنہ نے دوستوں کے ہمراہ صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ۔ 100دن کے وعدے کرنے والے حکمرانوں نے 200دن گزرنے کے بعد بھی ایک وعدہ پورا نہ کر سکے عوام موجود ہ حکومت سے خیر کی توقع نہ رکھیں ۔ نہ ہی عوام کے خیرخواہ ہیں ۔ عوام کے ساتھ ٹوپی ڈرامے کر کے ووٹ حاصل کیے گئے ۔ تمام پی ٹی آئی کے ایم این اے اور ایم پی اے حلقہ کی عوام سے رابطے منقطع کر چکے ہیں ۔ ایسا لگتا ہے ایم این اے اور ایم پی اے بے بس اور بے اختیار ہیں ۔ اگر انہوں نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو بہت جلد حکمران گھر جائیں گے ۔ اس موقع پر مہر حسین چنگوانی، انقلابی شاعر کالو خان لغاری، محمد اجمل کھکھ، سید صفدر شاہ، منور خان لغاری بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پیٹرولیم مصنوعات میں ہوش ربااضافہ ظلم کے مترادف ہے حکومت نے عوام کے جسم سے خون کاآخری قطرہ نچوڑنے کافیصلہ کرلیاہے ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمان‘سابق ٹکٹ ہولڈرڈاکٹر رانامحمدطارق نے اپنے مشترکہ بیان میں کیاانہوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کوریلیف نہیں دیاجارہاہے جبکہ موجودہ حکومت نے الیکشن سے قبل پیٹرول کی قیمتوں میں عالمی منڈی کاریٹ مقررکرنے کے بلندوبانگ دعوے کئے تھے انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربااضافہ کو یکسرمستردکرتے ہیں تبدیلی حکومت فوری طورپر پیٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافہ کے فیصلہ کوواپس لے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر