اسلام ہی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کی ضمانت ہے،محمد حسین محنتی
نواب شاہ(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام اور نظریہ پاکستان ہی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کی ضمانت ہیں۔ 72 سالوں سے بر سر اقتدار سیکولر حکمراں ٹولے نے عوام کو مہنگائی،لوٹ مار،محرومیوں و مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ شریعت کا نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملکی سالمیت اور عوام کے دکھوں کا مداوا کر سکتے ہیں۔ تبدیلی کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے اصل تبدیلی قرآن سنت کے نظام سے آئیگی ۔ جماعت اسلامی صالح معاشرہ اور کرپشن فری پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکرنڈ و نواب شاہ میں دعوتی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ ضلعی امیر سرور احمد قریشی، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، نواب شاہ کے امیر نجف رضا ، سکرنڈ کے امیر عاشق حسین پٹھان، ضلعی سیکریٹری اطلاعات کاشف رضا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ قبل ازیں انہوں نے سوشل میڈیا سکرنڈ کے جنرل سیکریٹری نیاز احمد لاشاری کے والد اور رکن جماعت اسلامی شاہد خانزادہ کی والدہ کے انتقال پر ان کے گھر جاکر تعزیت اور مرحومین کے درجات بلندی کی دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کا عمل بلا تفریق اور سخت ہونا چاہیے جس نے پاکستان کو لوٹا ہے اس مسئلے کو سیاسی بنانے کی بجائے قومی بنا کر ان ساڑھے چار سو افراد جن کا پانامہ لیکس میں ذکر آیا ہے ان کو عدالتی کٹہرے میں لاکر کھڑا کیا جائے ان سے نہ صرف لوٹی ہوئی رقم واپس لی جائے بلکہ لوٹ کھسوٹ کے جرم میں ان کو سخت سزا بھی دی جائے تاکہ دوسروں کے لئے عبرت کا نشان ہو۔ صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی و کرپشن فری پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ عوام جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کا بھرپور ساتھ دیں۔