ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہے ، اضافہ واپس لیا جائے

ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہے ، اضافہ واپس لیا جائے

لاہور( افضل افتخار، نیوز رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کاجن قابو سے باہر ہے۔ اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ جس سے ہر طبقہ کے ساتھ ساتھ تاجر طبقہ بھی بہت متاثر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار لاہور کے تاجروں نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انار کلی کے تاجر پرویز،ملک شوکت،چوہدری رمضان،بابر عاقب اور ساجد رحمان نے کہا کہ پہلے ہی کاروبار ٹھنڈا ہے اور گاہگ کارجحان اس مہنگائی کی وجہ سے بہت کم ہے۔ اب رہی سہی کسر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر پوری کردی ہے۔پٹرول کی قیمت بڑھنے کا اثر ہر چیز پر ہی پڑتا ہے اور اسی طرح سے ہمارے کاروبار پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ہمیں نئی حکومت سے بہت امیدیں وابستہ تھیں مگر ابھی تک تو کوئی بھی امید پوری نہیں ہوئی۔نیلا گنبد کے تاجروں بلال،حمید،عمر،حسن،ملک نعیم اور ببلو خان نے کہا کہ روز گار پہلے ہی ملک میں نہیں ہے اور دن بدن بے روز گاری بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کاروباری افراد بھی نقصان سے دوچار ہورہے ہیں۔کسی بھی حکومت نے غریبوں کے لئے آج تک کچھ نہیں کیا ۔اب دیکھتے ہیں کہ یہ حکومت کیا کرتی ہے مال روڈ اور بیڈن روڈ کے تاجروں ثاقب نیاز،خالد احمد،ہمایوں بٹ،سرفراز ،دلبر،نوازاحمد ،زاہد اور سردار مشتاق نے کہا کہ حکومت کوآئے ایک سال ہونے والا ہے۔ اب تک اس حکومت نے عوام سے کیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔صرف دعوؤں سے ہی حکومتیں نہیں چلتی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے تاجر برادی کو بہت نقصان ہوا ہے۔پہلے ہی مال روڈ پر آئے روز دھرنو ں اور احتجاجوں کی وجہ سے ہمیں بہت زیادہ نقصان ہورہا ہے۔غریب افراد تومہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے مختلف شعبوں سے وابستہ افرا د نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عابد،شاکر،شکیل،نبیل او ر عادل نے کہا کہ نئی حکومت کو اقتدار سنبھالے اب کافی وقت گزر گیا ہے اور اب اس کوعوامی مسائل پر توجہ دیکر ان کوحل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے ریلیف دینے کا وعدہ کیاتھامگراب تک وفا نہ ہوسکا۔ آصف،عامر،عاکف اور عاصم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو غریب لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ضرورت ہے ۔ہم وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جانب توجہ دیں اور غریب لوگوں کوریلیف دینے کے احکامات جاری کریں۔ملک میں عام اشیائے خودونوش کے ساتھ ساتھ بجلی ، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں کمی بہت ضروری ہے کیونکہ غریب افراد کا تعلق توان سے ہی ہوتاہے۔ہم اپیل کرتے ہیں کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے تاکہ ملک سے مہنگائی کم ہو اور اس کا اثر غریب لوگوں تک بھی پہنچیں اور ان کوریلیف مل سکے۔

مہنگائی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر