”ورلڈکپ سکواڈ کیلئے بہت کلیئر ہیں“ مکی آرتھر نے لاہور پہنچتے ہی اہم اعلان کر دیا

”ورلڈکپ سکواڈ کیلئے بہت کلیئر ہیں“ مکی آرتھر نے لاہور پہنچتے ہی اہم اعلان ...
”ورلڈکپ سکواڈ کیلئے بہت کلیئر ہیں“ مکی آرتھر نے لاہور پہنچتے ہی اہم اعلان کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ورلڈکپ سکواڈ سے متعلق ہم بہت کلیئر ہیں، ٹیم کے سینئر کھلاڑی فٹ اور ورلڈ کپ کیلئے تیار ہیں، آئندہ دو روز میں سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم کے کرکٹرز اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر لاہور پہنچ گئے جہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دورے میں پانچ سنچریاں بنیں اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ہی اس لئے دیا تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو دیکھ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز سے کئی مثبت چیزیں سامنے آئی ہیں، عابد علی کی کارکردگی نے بہت متاثر کیا جبکہ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کا رویہ دورے میں اچھا رہا اور اس نے متاثر کرنے کی بہت محنت کی لیکن بدقسمتی سے وہ اس دورے کے دوران بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کو 11 میچز ملیں گے جبکہ انگلینڈ میں بھی بھرپور تیاری کریں گے لیکن ورلڈکپ سے پہلے تمام اہم کھلاڑیوں کو فٹنس کے معیار پر پورا اترنا ہو گا کیونکہ وہ ہمیشہ پہلی پرجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ کھلاڑی اچھی کارکردگی پیش کریں، ہمیں اس پر کام کرنا ہے، آئندہ دو روز میں سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھیں گے جبکہ 14 اپریل کو کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ ہو گا۔

مزید : کھیل