نوجوانوں میں خدمت خلق کا جذبہ خوش آئند ،فلاحی معاشرے کی تشکیل کا راز دکھی انسانیت کی خدمت میں مضمر ہے:ڈاکٹر عظیم لکھو ی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر صحت حکومت پنجاب ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں خدمت خلق کا جذبہ خوش آئند ہے،پاکستان سٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم پر طلبہ وطالبات اپنی پاکٹ منی سے خرچ کرکے بہترین مثا ل قائم کررہے ہیں،فلاحی معاشرے کی تشکیل کا راز دکھی انسانیت کی خدمت میں مضمر ہے۔
کیمیکل سیمینارہال یوای ٹی میں پاکستان سٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کی پانچویں ایلومنائی تقریب کے سے خطاب کرتے ہوئےڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی نے یوای ٹی میں مستحق طلبہ وطالبات کی تعلیمی اخراجات اٹھانے کے سلسلہ کو سراہا اور امید ظاہر کی دیگر تعلیمی اداروں میں بھی اس روایت کو قائم کیا جائے گا،انسان کو خدمت کے لیے لازمی نہیں پیسے ہی چاہئیں ہوں،ممکن ہو اسے آپ کی مدد چاہیے،کچھ کام میں مدد فراہم کردیں،ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ شاید ہمیں کسی کے ساتھ کی گئی نیکی کا بدلا اس دنیا میں نہیں ملتا نہ ملے مگر اللہ کے ہاں ضرور اس کا اجر ملے گا ہمیں اپنی آخرت پر نظر رکھنی چاہیے اور اللہ تعالی کی خوشنودی ہر حال میں ہمارے لیے مقدم ہونی چاہیے۔ یہ ہی کامیابی کا زینہ ہے۔
پاکستان سٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن یوای ٹی چیپٹر کے ایڈوائزر ڈاکٹر رانا تنویرقاسم نے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے ساتھ ساتھ اپنے بندوں کے حقوق کی ادائیگی پر بھی زور دیا ہے،قرآ ن مجید کی تعلیمات کا بھی یہی خلاصہ ہے کہ ہم دونوں میدانوں میں اپنے آپ کو کھپائیں،آج کل کے دور میں ہر انسان بے حد مصروف ہے،دوسروں کے مسائل سے بالکل نا واقف ہو چکا ہے اور اس معاشرے میں رہنے والوں کا لوگوں کا المیہ یہ ہے کہ وہ عبادت کو صرف نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ تک محدود کر چکے ہیں، جب کہ ہمارا دین ہمیں یہ دوسروں کے کام آنا اور ایثار کرنا سکھاتا ہے۔
اس موقع پر تنظیم کی نئی باڈی کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق عرفا ن عاشق صدر،منان ملک جنرل سیکرٹری،عمیر قمر نائب صدر،کنزہ کمال فنانس سیکرٹری ہوں گی۔آخر میں نمایاں خدمات انجام دینے طلبہ وطالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔