میر جاوید رحمن کا انتقال

میر جاوید رحمن کا انتقال

  

جنگ میڈیا گروپ کے چیئرمین میر جاوید رحمن کے انتقال سے پاکستان کی صحافت کو شدید دھچکا لگا ہے اور اخبارات و میڈیا سے وابستہ ہر کسی نے ان کی موت کا دُکھ محسوس کیا ہے، ادارہ جنگ کے بانی میر خلیل الرحمن نے اپنی زندگی ہی میں اُنہیں انتظامی اور صحافتی ذمے داریاں تفویض کر دی تھیں اور تدریجاً اُنہیں بڑھاتے چلے گئے۔یہی وجہ ہے کہ میر خلیل الرحمن کی رحلت کے بعد اِس ادارے کی ترقی کا سفر رُک نہیں گیا،بلکہ مسلسل آگے بڑھتے ہوئے اِس ادارے نے الیکٹرانک میڈیا میں بھی قابل ِ ذکر کامیابیاں حاصل کیں، اِس وقت پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دونوں میں اِس گروپ کا کردار قائدانہ ہے،جس میں میر جاوید رحمن کا بھرپور کردار تھا۔اگرچہ یہ گروپ ایک فیملی کا کاروبار ہے،لیکن اسے ایک کامیاب ادارے کے طور پر چلانے میں ان کارکنوں کا بھی ہاتھ ہے جو اِس سے وابستہ چلے آ رہے ہیں۔ میر جاوید رحمن ایک زبردست منتظم تھے اور ادارے کی تعمیر وترقی کے لئے ہر قسم کے اقدامات کے لئے تیار رہتے تھے۔جنگ، نیوز، اخبار جہاں اور میگ سمیت اِس ادارے کی مطبوعات اپنے اپنے شعبے میں کامیاب ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اُن کی لغزشوں سے درگزر فرمائے اور ورثا کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے، ہماری دُعا ہے کہ ادارہ جنگ پہلے کی طرح پھلتا پھولتا رہے اور اب جن شخصیات کے ہاتھ میں ادارے کی باگ ڈور آئے وہ اس کی روایات کو مزید روشن کریں اور یہ ادارہ مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہو۔

مزید :

رائے -اداریہ -