غرباء کی امداد کیلئے پنجاب پولیس اپنی سماجی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہ، آئی جی پنجاب

غرباء کی امداد کیلئے پنجاب پولیس اپنی سماجی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہ، آئی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کرونا لاک ڈاؤن میں متاثرہ غریب ہم وطنوں کی امداد کیلئے پنجاب پولیس اپنی سماجی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور اسی لئے مستحق خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے ”پولیس ریلیف فنڈ ”قائم کیا گیا ہے تاکہ مشکل کے اس وقت میں غریب شہریوں اور دیہاڑی دار مزدوروں کے گھروں کا چولہا ٹھنڈا نہ ہوسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ فرنٹ لائن مصروف عمل ہے جس کا مقصد شہریوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس فورس ہراول دستے کی صورت قرنطینہ سنٹرز پر فرائض سر انجام دے رہی ہے جبکہ ساتھ ہی شاہرات پر لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اب متاثرہ خاندانوں کوراشن کی فراہمی کیلئے پولیس افسر و اہلکاروں نے اپنی تنخواہوں سے عطیات دئیے ہیں جو اس جذبے کی عکاسی کرتے ہیں کہ ملک و قوم پر جب بھی کوئی کڑا وقت یا ناگہانی آفت آئی پولیس کے جوانوں نے آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کو اپنا شعار اور نصب العین سمجھ کر خدمات سر انجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ”پولیس ریلیف فنڈ“ کے حوالے سے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ”پولیس ریلیف فنڈ“ کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہاکہ بحیثیت ذمہ دار شہری مشکل کی اس گھڑی میں تمام اضلاع میں سینئر کمانڈافسران سے لے کر کانسٹیبلزنے ُ’پولیس ریلیف فنڈ“ میں اپنی بساط کے مطابق حصہ ڈالاجس کی بدولت مجموعی طور پرساڑھے5کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی ہے جو 20ہزارمتاثرہ خاندانوں کو راشن فراہم کرنے میں استعمال کی جائے گی۔ ہر راشن بیگ میں آٹا، گھی، دالیں،چینی سمیت کچن کا دیگر بنیادی سامان شامل ہوگا جوپانچ افراد پر مشتمل خاندان کیلئے پندرہ روز تک قابل استعما ل ہوگا اور ہر ضلع کے مستحق شہریوں میں راشن بیگز کی تقسیم کا عمل وضع کئے گئے طریقہ کار کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے آج شروع ہوجائے گا۔آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے فورس کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ پولیس فورس کا یہ عطیہ حکومتی اقدامات میں نہ صرف تعاون کا باعث بنے گا بلکہ دیگر اداروں کو اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا لاک ڈاؤن میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تبھی ہم بہتر انداز میں اس مشکل وقت کا سامنا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ وبائی مرض سے محفوظ رہنے کیلئے شہری اپنے گھروں میں محدود رہیں جبکہ پولیس فورس ماضی کی طرح مستقبل میں بھی متاثرہ شہریوں کی امداد کیلئے ہرممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

مزید :

علاقائی -