ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں، عبدالرزاق داؤد

ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں، عبدالرزاق داؤد

  

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، انڈسٹریز، پروڈکشن و انویسٹمنٹ عبدالرزاق داؤد کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعے تجارتی و معاشی امور پر تبادلہ خیال اور انہیں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے اپنے پلان سے آگاہ کیا۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے، معاشی استحکام کا دارومدار برآمدات کے فروغ پر ہے۔ نہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی نشوونما کے لیے ایکسپورٹ کلچر کو فروغ دینا ہوگا، حکومت ان معاملات کو درست کررہی ہے جو ماضی میں خرابی کی طرف گئے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی بین الاقوامی مارکیٹوں تک آسان رسائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

، برآمدات بڑھانے کے لیے انجینئرنگ اور دیگر شعبوں پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ غیر روایتی مارکیٹوں پر توجہ دیکر برآمدات کو تیزی سے فروغ دیا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کروناوائرس کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال میں حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کے ریفنڈز فورا ادا کیے جائیں تاکہ انہیں مالی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حکومت ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کے لیے زیرو ریٹنگ کی سہولت بحال کرے۔ ایکسپورٹ کارگو لوڈ نگ کے لیے استعمال ہونے والی صنعتوں کو خصوصی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کی لیبر کے لیے ٹرانسپورٹیشن کی خصوصی اجازت دی جائے۔ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کے لیے گیس کے ٹیرف میں چھ روپے فی یونٹ کمی کی جائے۔ ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کے لیے خام مال زیرو ریٹڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ورکرز زیادہ وقت گھر گزارتے ہیں لہذا کروناوائرس کے نام پرانڈسٹریل یونٹس میں چھاپے نہ مارے جائیں۔

مزید :

کامرس -