کرونا کے مشتبہ مریض خوف کے بجائے علاج کرائیں،الفرید ظفر
لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریض خوفزدہ ہونے کی بجائے تشخیص و علاج معالجے کو ترجیح دیں۔ لواحقین مریض کی سابقہ ہسٹری خفیہ رکھنے کی بجائے اپنے معالج کو مکمل آگاہی فراہم کیا کریں تاکہ ڈاکٹر کو مریض کا علاج کرنے میں کوئی مشکل درپیش نہ آئے۔
کیونکہ بروقت تشخیص سے مرض پر جلد قابو پایا جا سکتا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں ایک مریض ایک تیما ر دار کی پالیسی پر احسن انداز میں عملدرآمد کروانے پر ڈاکٹر رانا محمد شفیق اور ڈاکٹر نادیہ ارشد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز تیمارداروں کی کونسلنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تاکہ مریض اور تیمار دار کو مکمل طور پر مطمئن کیا جا سکے۔ انہوں نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے بہتر علاج معالجے کے ساتھ ساتھ احتیاط اور" پرہیز علاج سے بہتر ہے "کے سلوگن کوعام کریں تاکہ لوگوں میں زیادہ سے زیادہ شعور بیدار کیا جا سکے۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے کہا کہ آج کے دور میں عوامی آگاہی کے لئے سوشل میڈیا بہترین ذریعہ اور ہتھیار ہیں لہذا ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف سمیت سماجی تنظیموں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر کے متعلق پیغام کو اس چینل کے ذریعے عام کرنا چاہیے تاکہ وطن عزیز کو اس خطرناک وائرس سے پاک کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس وبائی امراض سے نمٹنے اور چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگااور حکومتی ہدایات پر بھرپور عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔