ایک ہزار بستروں کا فیلڈ ہسپتال حکومتی کارنامہ ہے،مسرت جمشید

ایک ہزار بستروں کا فیلڈ ہسپتال حکومتی کارنامہ ہے،مسرت جمشید

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشیدچیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سردا رعثمان بزدار کی قیادت میں ایکسپو سنٹر میں صرف 9 روز میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کا قیام پنجاب حکومت کے کورونا وائر س سے نمٹنے کیلئے اقدامات کے تناظر میں سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے،اپوزیشن کی جانب سے اشتعال دلانے کے باوجود حکومت مشکل کی اس گھڑی میں سیاسی بیان بازی میں الجھنے کی بجائے اپنی توجہ کورونا کی وباء سے نمٹنے پر مرکوز رکھنا چاہتی ہے،شہباز شریف سہولیات سے آراستہ کمرے میں بیٹھ کر ویڈیو لنک کے ذریعے مایوسی پھیلانے کی بجائے فیلڈ میں نکل کر خامیوں کی نشاندہی کریں حکومت اسے اپنا فرض اور ذمہ داری سمجھتے ہوئے انہیں دور کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

ایکسو سنٹر میں قائم کئے گئے ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے فیلڈ میں موجود رہ کر تمام اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور بہتر سے بہتر نتائج کے حصول کیلئے وسائل کو آڑے نہیں آنے دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی نگرانی میں ایکسپو سنٹر میں صرف 9روز میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال کا قیام غیر معمولی اقدام او رحکومت کی سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہباز شریف اور ان کی جماعت کے ترجمان اگر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے بغض میں اس طرح کے اقدامات کی ستائش کی بجائے ”میں نہ مانوں“ کی رٹ جاری رکھنا چاہتے ہیں توہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں، مشکل کی اس گھڑی میں اپوزیشن سے صرف یہی اپیل ہے کہ جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے عوام میں مایوسی پھیلانے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ،اٹلی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے اعدادوشمار سب کے سامنے ہیں جہاں ہم سے بعد میں کورونا کی وباء آئی لیکن وہاں مریضوں اوراموات کی تعداد یہاں سے کئی گنا زیادہ ہے۔ ہمارے لئے ایک ایک جان قیمتی ہے اور حکومت بلا تفریق تمام مریضوں کو عالمی معیار اور ایس او پیز کے مطابق سہولیات مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا اس وائرس پر قابو نہیں پا سکتی اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ خودکو گھروں تک محدود رکھیں اور وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔ مخیر حضرات بھی اپیل ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مالی مشکلات کاشکار ہونے والے طبقے کا سہارا بنیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -