انسداد کورونا مہم کی کامیابی عوامی تعاون کا نتیجہ ہے، صدر ایران
تہران (اے پی پی) ایران کے صد ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف مہم کی کامیابی کو عوام کے تعاون کا نتیجہ قرار دیا ہے۔صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کورونا وائرس کے خلاف قومی مہم کی نیشنل کمیٹی کی میٹنگ میں کورونا کے خلاف جاری مہم کو کامیاب قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے سوشل ڈسٹینسنگ پروگرام میں بھرپور تعاون کیا۔انھوں نے کہا کہ صحت کی عالمی تنظیم ڈبلو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور وائرس میں مبتلا افراد کے علاج معالجے کے تعلق سے ایران دنیا کے بہت سے ملکوں سے آگے ہے۔ انھوں نے کورونا وائرس کے خلاف مہم میں ایران کی وزارت صحت کے کارکنوں، ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کی مجاہدانہ مشارکت کو قابل تعریف بتایا۔ صدر روحانی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ہمہ گیر مہم کے باعث ملک کے بہت سے صوبوں میں اس وائرس کی وجہ سے اسپتالوں میں داخل کرائے جانے والوں کی تعداد کم ہوئی ہے اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھی ہے۔