ملتان پولیس شاعرو کالم نگارناصربشیر کی مسروقہ رقم برآمد نہ کراسکی
لاہور(ادبی رپورٹر)ملک کے ممتاز شاعر،کالم نگار اور کئی کتابوں کے مصنف ناصربشیر کے ملتان میں واقع آبائی گھر سے 65ہزار روپے،3موبائل اور اہم کاغذات چوری کرنے کے الزام میں مْشتبہ ملزم کوتھانہ لوہاری گیٹ ملتان نے تحویل میں لے لیا ہے،ناصر بشیر کے بھائی واجد بشیر نادر کی مدعیت میں ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے لیکن پولیس تاحال مسروقہ رقم اور سامان برآمد نہیں کرا سکی۔رزقِ حلال پر ایمان رکھنے اور قوم کی اخلاقی،علمی اور ادبی تربیت کرنے والے ایک قلم کار کی داد رسی نہ ہونے سے مثبت سوچ رکھنے والے طبقے میں مایوسی پھیل رہی ہے اور سوچا جا رہا ہے کہ کیا یہی وہ ریاستِ مدینہ ہے جس میں مالی اور دنیاوی لحاظ سے بڑے لوگوں کے ملزم فوراً پکڑ لیے جاتے ہیں اور بظاہر کمزور لیکن مضبوط طبقوں کو یکسر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔شاعروں،کالم نگاروں اور ادیبوں نے وزیرِاعلٰی پنجاب اور آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ شاعر ناصربشیر کی مسروقہ رقم اور سامان جلد از جلد برآمد کرایا جائے۔
ناصربشیر