وزیراعظم جھوٹ بولنا بند کریں، پچھلے جھوٹوں کی معافی مانگیں: مریم اور نگزیب

  وزیراعظم جھوٹ بولنا بند کریں، پچھلے جھوٹوں کی معافی مانگیں: مریم اور نگزیب

  

لاہور(آئی این پی) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مسلم لیگ کے شروع کئے گئے منصوبے پر اپنی تختی لگائی اور پھر نون لیگ کیخلاف ہی بیان دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے راولپنڈی میں کئے گئے خطاب پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب وزیراعظم ہاؤس کے ریکارڈ میں دیکھیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ کنٹونمنٹ ہسپتال راولپنڈی کیلئے پیسے شاہد خاقان عباسی نے جاری کئے، آپ نے آج اس پر تختی لگائی اور مسلم لیگ ن کے بنائے ہسپتال میں کھڑے ہوکرہم پر ہی شعبہ صحت کی تباہی کا جھوٹا الزام بھی لگایا۔عمران صاحب جس منصوبے پر آپ نے اپنے نام کی آج تختی لگائی،اس کی تجویز نون لیگی ایم این اے ملک ابرار نے دی تھی،ملک ابرار کے کہنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس ہسپتال کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام شروع کرایا تھا۔لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب سات سال خیبرپختونخوا میں حکومت ہونے کے باوجود آپ نے کتنے ہسپتالوں کا افتتاح کیا، پچھلے سات سال میں خیبر پختونخواہ کے کس منصوبے پہ تختی لگائی کیونکہ خیبرپختونخوا میں تو کوئی منصوبہ ہی نہیں کہ جس پر تختی لگائیں تو پنجاب میں اتنے منصوبے کہاں سے آگئے۔مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ خدا کیلئے وزیراعظم جھوٹ بولنے سے پرہیز کریں، اور پچھلے جھوٹوں کی معافی مانگیں،عوام کرونا کے کڑے وقت سے گزر رہی ہے۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واضح عدالتی حکم کے باوجود پی ایم ڈی سی مکمل فعال نہ کرنے پر وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے،عدالت کا واضح حکم ہے لیکن وزیراعظم اور وزیرصحت عمران صاحب پی ایم ڈی سی کو مکمل فعال نہیں کررہے،پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل بھی بحال ہوچکی ہے لیکن کام نہیں کررہی۔

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ آخر -