کینیڈین وزیراعظم آجکل ملک چلانے کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کو بھی سنبھال رہے ہیں

کینیڈین وزیراعظم آجکل ملک چلانے کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کو بھی سنبھال رہے ہیں

  

کینیڈا سے محسن گورایہ

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو ،دنیا کے ایک بڑے ملک کے ایسے حکمران ہیں جو ان دنوں ایک طرف کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کے دوران اپنے گھر پر سیلف ائسولیشن میں ہیں،تو دوسری طرف ایک مشکل وقت میں کینیڈا کی کامیاب قیادت کے ساتھ ساتھ اپنے تین چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال میں بھی مصروف ہیں۔بین الاقوامی میڈیا اور ملک کے اندر رائے عامہ کے جائزوں میں وہ ایسے مشکل حالات میں ایک بار پھر مقبول ترین راہنما بن گئے ہیں۔ جسٹن کی اہلیہ سوفی ٹروڈو،کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد گھر کے ایک الگ تھلگ حصے میں ہیں۔،جہاں ان کے اہل خانہ نہیں جا سکتے اور حفاظتی اقدامات کے تحت ان کا علاج جاری ہے۔ ٹروڈو اور ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی بھی 12 مارچ سے سوفی ٹروڈو کو فلو کی علامات اور بعد ازاں کورونا کے مثبت رزلٹ آنے کے بعد اپنے اوٹاوا کے سرکاری گھر میں سیلف آئسولیشن میں ہیں۔ جسٹن ٹروڈو شائد دنیا کے واحد وزیراعظم ہیں جو اس وقت اپنی اہلیہ کی مدد کے بغیر تنہا اپنے بچوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں تو دوسری طرف اپنی چھوٹی سے سٹڈی روم سے کینیڈا جیسے بڑے ملک کو بھی چلا رہے ہیں۔انہوں نے یہاں سے ہی اپنے کسی ایڈوائزر اور اسسٹنٹ کی موجودگی کے بغیر کینیڈا کے عوام کیلئے بیاسی ارب ڈالر کا ریلیف پیکیج بھی دیا اور اکثر اوقات اپنے گھر کے باہر چھوٹی سی جگہ سے پریس کانفرنس بھی کی۔ جسٹن ٹروڈو ان دنوں اپنے تینوں بچوں کو کھانا کھلا رہے ہوتے ہیں ، انہیں کھلونوں میں مصروف رکھتے ہیں اور سب سے بڑھ کر گھر میں صفائی اور لانڈری کا کام بھی کر رہے ہوتے ہیں۔جسٹن اور سوفی کے تین بچے 12 سالہ بیٹا زاویر، 11 سالہ بیٹی ایلا گریس، اور 6 سالہ ہڈرین بھی ان دنوں، اپنے والد اور کینیڈا کے وزیر اعظم کے غیر سرکاری سٹاف کا کام کر رہے ہیں۔اس دوران بعض اوقات بڑی دلچسپ صورتحال بھی پیدا ہو جاتی ہے جیسا کہ ایک دن وزیر اعظم، جی سیون کانفرنس کی ویڈیو لنک تیاری کے لئے تھوڑا لیٹ ہو گئے کیونکہ وہ اپنے چھوٹے بیٹے چھ سالہ ہڈرین کو نہلا رہے تھے۔نیو یارک ٹائمز کو وزیر اعظم کے ایک مشیر نے بتایا کہ ان دنوں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران ،ان کے بچوں کو ہنستے ہوئے اور پس منظر میں کھیلتے ہوئے اور یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ آو، ڈیڈی یہ کریں اور جس کے جواب میں وزیر اعظم کہ رہے ہوتے ہیں کہ بیٹا والد صاحب ابھی ایک اہم فون کال پر ہیں، میں ایسا نہیں کرسکتا۔ اسی طرح، ٹروڈو کی بیٹی ایلا گریس ان کی سرکاری فوٹوگرافر بن گئی ہے اور سوشل میڈیا پر انکی تصاویر شیئر کر رہی ہے۔

جسٹن ٹروڈو

مزید :

صفحہ آخر -