کرونا، غریب ممالک کیلئے عالمی فنڈ قائم، اقوام متحدہ نے 12ار ب ڈالر کی اپیل کر دی
نیویارک(آئی این پی) اقوام متحدہ نے کرونا وبا کے پیش نظر غریب ممالک کیلئے عالمی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امیر ممالک سے 12ارب ڈالر امداد فراہم کرنے کی اپیل کردی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرونا کے تباہ کن سماجی و معاشی اثرات کو دور کرنے کے منصوبے کا آغازکردیا۔ منصوبے میں کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کیلئے عالمی فنڈ قائم کیا جائے گا۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ کرونا وائرس اقوام متحدہ کی تشکیل کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا امتحان ہے۔ کرونا وائرس معاشروں اور لوگوں کی زندگیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے معیشت پر طویل مدتی اثرات ہوں گے جنہیں حل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔اقوام متحدہ کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے رسپانس اینڈ ریکوری فنڈ قائم کیا ہے، جس سے بحران کی شکار حکومتوں کو تیزی سے مدد فراہم کرنے اور ان کی بحالی میں مدد کی جائے گی۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کرونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دے دیا ہے۔اقوام متحدہ کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے کر خبر دار کر چکی ہے کہ اگر دنیا نے وائرس پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو اس سے پوری عالم انسانیت کو خطرہ ہے اور لاکھوں جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔یو این کی جانب سے امیر ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ کرونا وائرس سے لڑنے کیلئے غریب ممالک کو 12 ارب ڈالر امداد کی فوری ضروت ہے۔
ف