کرونا مریضوں کیلئے لاہور میں 1000بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال تیار

  کرونا مریضوں کیلئے لاہور میں 1000بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال تیار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کی بزدار حکومت نے ریکارڈ مدت میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال تیار کر لیا،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایکسپوسنٹر لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل ریکارڈ مدت میں بنائے گئے خصوصی فیلڈ ہسپتال کادورہ کیا، کرونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور فیلڈ ہسپتال کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ صحت،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کی مشترکہ کاوشوں سے 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال ریکارڈ مدت میں تیار ہوا ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کے حکام کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ہسپتالوں پر بھی پوری توجہ دے رہے ہیں، کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے پنجاب میں نئی 8 لیب بنائیں گے،جس کیلئے 62 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ضلع کی سطح پر ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائر س سے متاثرہ مریضوں کی زیادہ تعداد زائرین اور ٹریول ہسٹری رکھنے والوں کی ہے،36 اضلاع میں صوبائی وزراء کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں -صوبائی وزراء اپنے اضلاع میں کوروناوائرس سے نمٹنے کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ دیہاڑی دار مزدوروں کو ریلیف دینے کیلئے چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کا آغاز کر دیا گیا،زکوۃکے مستحق ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کی امداد کیلئے87 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے جبکہ چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے، 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو 4 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسانوں سے گندم 1400 روپے فی من کے حساب سے خریدی جائے گی جبکہ خریداری کیلئے گردآوری کی شرط ختم کر دی ہے تاہم کسانوں سے گندم پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر خریدیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز سمیت قرنطینہ مراکز میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو گلدستے بھجوائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ مشکل وقت میں مسیحاؤں کی خدمات کو ہمیشہ یادر کھا جائے گا جبکہ پوری قوم ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتی ہے۔مزید برآں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کو رہاکردیاگیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے تمام اقدامات عوام کی حفاظت کیلئے اٹھائے ہیں لہٰذاشہری حکومتی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرکے اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی محفوظ بنائیں۔

فیلڈ ہسپتال

مزید :

صفحہ اول -