کرونا واوئرس، امریکہ نے داخلی بحران کے باوجود چین اور اٹلی کو میڈیکل سامان فراہم کیا

  کرونا واوئرس، امریکہ نے داخلی بحران کے باوجود چین اور اٹلی کو میڈیکل سامان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) کرونا وائرس سمیت دیگر امور پر امریکہ کے چین، روس اور دیگرممالک کے ساتھ اختلافات کے باوجود عالمی سطح پر اس وباء کا مقابلہ کرنے کے لئے امریکہ کے ان ممالک کیساتھ باہمی تعاون کا سلسلہ بھی جاری ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق داخلی بحران کی موجودگی کے باوجود چین اور اٹلی سمیت اس وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کو امدادی سامان بھیجا گیا ہے جبکہ کسی ملک سے سپلائی حاصل کر نے کی خواہش ظاہر نہیں کی تاہم گزشتہ روز روس نے ضروری میڈیکل کے سامان سے بھرا ایک فوجی طیارہ امریکہ بھیجا ہے جس پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ”بہت خوب“ کہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے مخالف ڈیموکریٹک لیڈروں کی نکتہ چینی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے فروری میں 18 ٹن وزنی میڈیکل سپلائی چین بھیجی تھی جس میں ماسک، گاؤن اور نظام تنفس بحال کرنے والا سامان شامل تھا۔ چین نے انتہائی شکریئے کے ساتھ یہ سامان وصول کیا تھا کیونکہ اس وقت اسے اس کی سخت ضرورت تھی۔ تاہم چین نے جوابی اچھے سلوک کا مظاہرہ کرتے ہوئے بعدمیں نیو یارک کے علاقے میں میڈیکل سپلائی بھیجی تھی۔ جہاں تک اٹلی کا تعلق ہے صدر ٹرمپ نے سوموار کو بتایا کہ ہم دس کروڑ ڈالر کا میڈیکل سامان وہاں بھیج رہے ہیں۔ اس دوران اٹلی نے امریکی وزیر دفاع ایسپر سے براہ راست درخواست کی ہے کہ وہ اٹلی میں متعین امریکی فوجیوں کو امدادی کارروائیوں میں مدد کرنے کی ہدایت کرے۔ امید ہے وزیر دفاع اٹلی کی اس درخواست پر عمل کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق داخلق بحران کے باوجود امریکہ نے دنیا بھر میں کرونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونیوالے ممالک اور عالمی اداروں کیلئے 27کروڑ ڈالر سے زائد ہنگامی امداد فراہم کی ہے۔ جو عالمی اداروں کو دی جانے والی پہلی امداد کے علاوہ ہے۔ اس طرح چین، اٹلی یا یورپی ممالک کو دی جانے والی میڈیکل سپلائی اس میں شامل نہیں ہے۔ امریکہ نے پاکستان کو دس لاکھ ڈالر کا فنڈ کرونا وائرس سے مقابلہ کرنے کیلئے دیا ہے اور صحت کے شعبے میں مخصوص دس لاکھ ڈالر کا فنڈ بھی کروناوائرس سے بچاؤ کیلئے مخصوص کردیا ہے۔اس طرح مجموعی طور پر 20 لاکھ ڈالر کا فنڈ پاکستان کو اس وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے مل رہا ہے۔ بھارت کو اس مقصد کیلئے 29لاکھ ڈالر دیئے جارہے ہیں۔ اس طرح افریقہ ایشیا سمیت دیگر ممالک کو بھی امداد ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کو اضافی دو کروڑ 43لاکھ ڈالر اور اقوام متحدہ کے مہاجرین کے شعبے کو 6کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی اضافی امداد دی گئی ہے۔
امریکی امداد

مزید :

صفحہ اول -