موجودہ سمسٹر کو ستمبر تک ہر صورت مکمل کریں گے‘ ڈاکٹر اطہر محبوب

  موجودہ سمسٹر کو ستمبر تک ہر صورت مکمل کریں گے‘ ڈاکٹر اطہر محبوب

  

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اسلامیہ یونیورسٹی نے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس لائحہ عمل کے تحت اختیار کئے گئے اقدامات کے ذریعہ طلبا وطالبات کے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے (بقیہ نمبر39صفحہ7پر)

بچانے میں مدد ملے گی تا کہ موجودہ سمسٹر کو ستمبر 2020ء تک مکمل کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی نے یہاں یونیورسٹی ہٰذا کے اساتذہ اور طلبہ کے لئے اپنے ایک پیغام میں کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے طلباء و طالبات کوتلقین کی ہے کہ مستقبل کی غیر یقینی صورتحال یا لاک ڈاؤن کے مزید طویل ہونے کی صورت میں یونیورسٹی ہٰذا کی جانب سے اختیار کئے گئے لائحہ عمل کے تحت تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیاں جاری رکھیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ یونیورسٹی ہٰذا کی جانب سے موجودہ ہنگامی صورتحال میں بھی بذریعہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اپنے طلباء اور طالبات سے رابطہ برقرار رہے گا اور اس رابطہ کے ذریعہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اپنے طلباء اور طالبات کو مستعد، منّظم اور تیّار رکھے گی تاکہ وہ مشکل حالات سے نبردآزما ہوکر معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ یونیورسٹی ہٰذا کے تمام طلباوطالبات کو اسلامیہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ غیر روایتی / الیکٹرانک طریقہ تعلیم کے عمل میں طلباوطالبات کو دستیاب وسائل اور درپیش مشکلات کو پیشِ نظر رکھا جائے گا۔نیز گریڈنگ، اسیسمنٹ / امتحانات میں نرمی کے اصول کو فوقیت دی جائے گی تاکہ طلباو طالبات کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔علاوہ ازیں معروضی حالات اور طلباء اور طالبات کے تکنیکی اور معاشی حالات کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے تعلیمی مواد اور رابطہ کے طریقوں کو ترتیب دیا جائے گا۔وائس چانسلر نے کہا ہے کہ میں تمام اساتذہ اور طلباو طالبات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسلامیہ یونیورسٹی کے متعین کردہ لائحہ عمل کی کامیابی کے لئے بھرپورطریقے سے تعاون کریں اور غیر ضروری یا منفی طرزِ عمل کا مظاہرہ کرنے کے بجائے اس لائحہ عمل کو اپناتے ہوئے اس کی بہتری کے لئے اسلامیہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔

اطہر محبوب

مزید :

ملتان صفحہ آخر -