قومی معاملات پر پارلیمنٹ کو اہمیت دی جائے، لیاقت بلوچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمانی جمہوریت کے دور میں قومی معاملات پر پارلیمنٹ کو ہی اہمیت دی جائے۔ حکومت متنازعہ ہے۔کورونا وبا کی زد میں پوری قوم ہے اس لیے پارلیمنٹ کی سینیٹ اور قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹیاں مشترکہ بنیادوں پر صحت کے امور کی نگرانی کریں اور کورونا کے خلاف جنگ کے امور میں پارلیمانی مشترکہ کمیٹی کو نگرانی کے لیے بااختیار بنایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کے علم میں یہ رہنا چاہیے کہ ماضی میں لشکر طیبہ، سپاہ محمد ؐ،سپاہ صحابہ ؓ، فیڈرل سیکورٹی فورس، نتھ فورس جیسی تنظیموں پر پابندیاں لگ گئیں، اب حکومت ٹائیگرفورس بنا کر ماضی کے فیصلوں کی نفی کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت قومی قیادت، پارلیمنٹ، صوبائی حکومتوں اور ریاستی اداروں پر اعتماد کرے اور ان سے تعاون لے۔ کورونا وبا کے مقابلہ کے لیے حکمت اور احتیاط ضروری ہے۔ وزیراعظم اپنے کنفیوژ موقف اور اقدامات سے انتشار نہ پھیلائیں۔