کرونا، شہرکے مختلف علاقوں میں یونیسف کے تعاون سے ہاتھ دھونے کے 100پوا ئنٹس قائم

کرونا، شہرکے مختلف علاقوں میں یونیسف کے تعاون سے ہاتھ دھونے کے 100پوا ئنٹس ...

  

پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں یونیسف کے تعاون سے ہاتھ دھونے کے 100 پوائنٹس قائم کر رہی ہے پوائنٹس کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے اب تک کئی علاقوں میں قائم کئے گئے پوائنٹس پر روزانہ سینکڑوں افراد پانی اور صابن سے ہاتھ دھو کر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایس ایس پی کورونا وائرس کے خلاف صف اول کے سپاہی کا کردار ادا کر رہی ہے اب تک حدود میں واقع تمام یونین کونسلوں میں کلورین سلوشن دھلائی اور جراثیم کش سپرے کا ایک راؤنڈ مکمل کر چکی ہے جبکہ دوسرا راؤنڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ ہاتھ دھونے کے پوائنٹس کے ساتھ عوامی آگاہی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے جبکہ مساجد میں خطیبوں اور پیش اماموں کے ذریعے آگہی مہم بھی چلائی جارہی ہے شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑی اور لاؤڈ سپیکر کے ذریعے آگاہی اعلانات کئے جارہے ہیں، تمام یونین کونسلوں میں پچھلے کئی روز سے 130 تک مساجد کے ذریعے آگاہی پیغامات عام کئے گئے ہیں جبکہ لاؤڈ سپیکر کے ذریعے تمام یونین کونسلوں میں باقاعدگی کے ساتھ لوگوں کو احتیاطی تدابیر پرعمل کی جانب راغب کرنے کے لئے اعلانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ڈبلیو ایس ایس پی کلورین سلوشن سے سڑکوں کی جراثیم کشی کی روزانہ دو راؤنڈز مکمل کرتی آرہی ہے اب کوریج میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے کئی گاڑیوں کی تخصیصات میں ضروری تبدیلی کی گئی ہے جبکہ مزید گاڑیوں کی تخصیصات میں تبدیلی کی جارہی ہے تاکہ کم وقت اوروسائل میں زیادہ سڑکوں کی دھلائی جاسکے،اسی طرح گھروں اور آبادی میں شولڈر سپرے پریشرمیں اضافہ کیا جارہا ہے۔ کورونا وباء سے لوگوں کے لئے بچاؤ کے لئے ڈبلیوایس ایس پی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آنے والی شکایات پر حدود سے باہر بھی فرائض انجام دے رہی ہے، دوران پور قرنطینہ میں روزانہ کی بنیاد پر صبح وشام کلورین سلوشن اور جراثیم کش سپرے اور وہاں کا کوڑا کرکٹ محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ کورونا خصوصی مہم میں تین شفٹوں میں فرائض کی انجام دہی کے علاوہ معمول کی خدمات کی فراہمی کا سلسلہ روز اول سے جاری ہے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -