حکومت امدادی سامان گھروں تک پہنچا نے کا انتظام کرے، حافظ نعیم الرحمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اورالخدمت اپنے دائرہ کار اور وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ہر ممکن امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں لیکن اس وقت متاثرہ گھرانوں،ضرورت مندوں اور مستحقین کی تعداد بہت زیادہ ہے،اس لیے حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ لاک ڈاؤن سے معاشی طور پر متاثرہ افراد، ضرورت مندوں، مستحقین اور مزدور طبقے کے لیے امدادی سامان اور غذائی اجناس کی فراہمی شفاف طریقے سے ممکن بنائے، دوہفتے گزرنے کے باوجود اب بھی بہت سے گھرانے حکومتی امداد کے منتظر ہیں، سندھ حکومت متاثرین کو ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے امدادی سامان ان کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گلبرگ کے دورے کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرامیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، سکریٹری حسین مدنی،کامران سراج ودیگر ذمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے۔فاروق نعمت اللہ نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ ضلع گلبرگ کے تحت کورونا وائرس کے باعث شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال میں ضلع میں ریلیف کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضا کار روزانہ ضلع کے مختلف مقامات پر جراثیم کش اسپرے کر رہے ہیں جس میں 133مساجد میں اسپرے کیا جاچکا ہے، چھ ہزار سے زائد معاشی طور پر متاثرہ افراد، ضرورت مندوں، مستحقین اور مزدور طبقے کے لیے امدادی سامان اور غذائی اجناس فراہم کرنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ مساجد کے باہر اور رہائشی علاقوں سے فنڈ بھی اکٹھا کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں جو اپنی معمول کی سرگرمیاں ترک کرکے انسانی زندگی کے لیے خطرے کے ماحول میں اللہ کی رضا کے لیے امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔