محکمہ خوراک سستا آٹا فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے، ڈاکٹر کا ظم نیاز

محکمہ خوراک سستا آٹا فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے، ڈاکٹر کا ظم نیاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے میں آٹے کی فراہمی اور دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ خوراک کا دورہ کیا اور حکام سے بریفنگ لی۔ اس موقع پر سیکرٹری ریلیف و بحالی عابد مجید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فوڈ ڈائریکٹوریٹ،حاجی کیمپ اڈہ میں قائم کنٹرول روم میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کو پنجاب سے آٹے کی سپلائی اور اضلاع میں گندم کی تقسیم کے حوالے سے سیکرٹری خوراک نثار احمد نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر کاظم نیاز نے محکمہ کے حکام کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر ہر ضلع سے آٹا سپلائی پر اعدادو شمار لیے جائیں اور اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ صوبے کی جن 177 فلور ملوں کو کوٹے کے مطابق گندم فراہم کی جاتی ہے وہ اس گندم کی پسائی کریں۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قوانین کی پاسداری نہ کرنے والی آٹا ملوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فلور ملوں میں کیمرے نصب کیے جائیں جو کہ محکمہ خوراک کے کنٹرول روم کے ساتھ منسلک ہوں۔ محکمہ خوراک، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز سے بھی روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی سپلائی اور صورت حال کے حوالے سے رابطہ رکھے۔ محکمہ خوراک کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پنجاب سے آٹے کی روزانہ کی بنیاد پر سپلائی متاثر ہوئی تھی جو کہ اب بہتر ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ارزاں قیمت پر آٹے کی فراہمی کے لیے محکمہ خوراک مزید اقدامات اٹھائے اس مقصد کے حصول کے لیے مختلف اضلاع میں قائم فارمر بازاروں کو استعمال میں لایا جائے۔ اسی طرح محکمہ زراعت کے فارم سنٹرز سے بھی سستے آٹے کی فراہمی کی جا سکتی ہے۔چیف سیکرٹری کو گندم کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات اور اس کی صوبے کے مختلف اضلاع کو ترسیل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا