موجودہ صورتحال میں نوجوان ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے، تیمور جھگڑا

موجودہ صورتحال میں نوجوان ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے، تیمور جھگڑا

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے خلاف صحت عملہ ہر اوّل دستے کا کام کر رہا ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ اس صورت حال میں نوجوان ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے وہ آگے آئیں اور عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ اس وباء سے لڑائی میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار انصاف ڈاکٹرز فورم خیبر پختونخوا اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے وفود سے الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔ صوبائی وزیر صحت کو ڈاکٹرز نے فیلڈ میں درپیش مسائل اور کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔ تیمور جھگڑا نے ڈاکٹرز کے مسائل سنے اور انہیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے صحت عملے کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے حوالے سے ڈاکٹرز تنظیموں سے تجاویز بھی لیں۔ تیمور جھگڑا نے کورونا وباء سے مقابلے میں ڈاکٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے ان سے استدعا کی کہ اس وقت چھوٹے مسائل اور تحفظات کو پسِ پشت ڈال کر کورونا وباء سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مل کر کورونا وباء کا مقابلہ کرنے کا ہے جس میں ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنے مسائل اور تحفظات سے براہ راست انہیں آگاہ کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ڈاکٹرز تنظیموں سے فیلڈ میں صحت عملے کو درپیش مسائل، عوام کی توقعات اور صحت سہولیات کو مزید بہتر کرنے کے لیے ہر ہفتے تجاویز لی جائیں گی۔ تیمور جھگڑا نے ڈاکٹرز تنظیموں کے عہدیداران سے یہ استدعا بھی کی کہ وہ عوام میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات پر آگاہی پھیلائیں

مزید :

صفحہ اول -