کورونا سے پاکستان میں31 افراد ہلاک،2291متاثر

کورونا سے پاکستان میں31 افراد ہلاک،2291متاثر
کورونا سے پاکستان میں31 افراد ہلاک،2291متاثر

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد2 ہزار291 ہو گئی جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 5 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد31 ہو گئی،24گھنٹوں کے دوران مزید252 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، پنجاب 845،سندھ 743،خیبرپختونخوا 276اوربلوچستان میں 169 ،گلگت بلتستان میں 187،اسلام آباد 62اورآزادکشمیر میں 9 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 107 افراد کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کیسز میں سے 46 فیصد کا تعلق ایران اور 27 فیصد کا دیگر ممالک سے ہے جبکہ 27 فیصد مریض لوکل ٹرانسمیشن کا نتیجہ ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس آئسولیشن کی سہولیات کے حامل ہسپتالوں کی مجموعی تعداد 414 ہے جن میں 6335 بیڈز کی سہولیات موجود ہیں اور ان میں 861 مریض زیر علاج ہیں۔

ملک بھرمیں 171 مقامات پر کورنٹائن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جن میں 8893 افراد کو رکھا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے زیر علاج 10 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم رکھنے کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں قبل از وقت کر دی ہیں۔

وزیراعظم نے کورونا کے خلاف ریلیف ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا ہے جس کی مدد سے بے روزگار ہونے والے افراد کو گھروں میں راشن پہنچایا جائے گا۔عمران خان نے پرائم منسٹرکورونا ریلیف فنڈ بنانےکا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس میں جمع رقم پرکوئی پوچھ گچھ نہیں ہو گی۔ بیرون ملک پاکستانی ریلیف فنڈمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔

وفاقی حکومت نے غریب خاندانوں کو12 ہزار روپے ماہانہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ملک میں خوراک کی قلت سے نمٹنے کیلئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ملک کے تمام صوبوں کے درمیان زمینی رابطے منقطع ہیں اور ٹرین سروس بھی غیر معینہ مدت کیلئے معطل کر دیئے گئے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -