پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث کیسز اور اموات میں اضافہ ، وزیراعظم کا کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے پیکج لانے کا اعلان، دنیا کی حالت غیر

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث کیسز اور اموات میں اضافہ ، وزیراعظم کا ...
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث کیسز اور اموات میں اضافہ ، وزیراعظم کا کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے پیکج لانے کا اعلان، دنیا کی حالت غیر

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) کورونا وائرس نے پاکستان سمیت اس وقت تقریبا پور ی دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہاہے ، مملکت خداد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2291 ہو گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے چاروں صوبوں میں اس وقت لاک ڈاﺅن ہے اور ڈاکٹرز وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑ رہے ہیں ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے درمیان پاکستان میں کورونا کے 76 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تعداد 2291 پر پہنچ گئی ہے ۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے جبکہ 9 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔کورونا وائرس کے ا ب تک 107 مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لو ٹ گئے ہیں ۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 845 ہو گئی ہے جبکہ 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 6مریض صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیئے گئے ۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 743 ہو گئی ہے جبکہ 9افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں تاہم 58 افراد صحت یاب ہونے کے بعد اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔

خیبر پختون خواہ میں اس وقت 276 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، 8 افراد وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں اور 19 افراد وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ مزید افراد ریکوری کی جانب گامز ن ہیں جن کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے ۔

بلوچستان میں کوروناوائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہے ، 169 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صرف ایک مریض جاں بحق ہواہے تاہم 17 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 187 افراد بیمار ہوئے ہیں ،اس مہلک وائرس کے باعث دو مریض انتقال کر گئے ہیں ، چار افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

وفاقی دالرحکومت میں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 62 پر پہنچ گئی ہے جبکہ تین افراد صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے گھر واپس چلے گئے ہیں ۔اسلام آباد میں ابھی تک کورونا وائرس کے باعث کسی مریض کی موت نہیں ہوئی ہے ۔آزاد کشمیر میں نو کیسز سامنے آئے ہیں ۔

دنیا کی صورتحال

چین سے شروع ہونے والے اس مہلک وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، کورونا وائرس سے متاثرہونے والے افراد کی اس وقت دنیا بھر میں تعداد 9 لاکھ 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ اس وائرس کے باعث 47 ہزار 273 افراد موت کے منہ میں چلے گئے  جبکہ ایک لاکھ 94 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

کورونا وائرس کی سب سے زیادہ بدترین صورتحال اس وقت امریکہ میں دیکھنے میں آ رہی ہے جہاں وائرس کنٹرول سے باہر ہوتا چلا رہاہے جبکہ فلوریڈا میں بھی مکمل لاک ڈاون کا اعلان کر دیا گیا ہے،امریکہ میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد2 لاکھ 16 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ، پانچ ہزار 137 افراد موت کے آگے زندگی ہار چکے ہیں ۔

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ملک اٹلی ہے جہاں کیسز کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے ، اٹلی میں کیسز کی تعداد تو امریکہ سے قدرے کم ہے لیکن اموات بہت تیزی کے ساتھ واقع ہو رہی ہیں ، اب تک 13 ہزار 155 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہین ، 16 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

وزیراعظم کا کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے پیکج لانے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہم موجودہ وسائل سے کورونا پر قابو پالیں گے، کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے کل بڑے پیکیج کا اعلان کروں گا،ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کنسٹرکشن انڈسٹری کو پوری طرح کھولنا ہے ایسا نہ ہو لوگوں کو کورونا سے بچاتے بچاتے بھوک سے مرنے دیں۔

سیالکوٹ میں 14 ہزار افراد کو آئیسولیٹ کر دیا گیا

سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرے کے پیش نظر 14ہزار افراد کو ان کے گھروں میں آئیسولیٹ کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ناصرمحمود بشیر نے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے اڑھائی ہزار افراد کے گھروں کو قریطینہ قرار دیا گیا ہے اور ان افراد کے اہلخانہ کی تعداد 14ہزار سے زائد ہے۔قرنطینہ کیے گے افراد میں مرد خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ 926گھروں میں 5146 افراد اور 1028مسافروں کو قرنطینہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق سیالکوٹ کی تحصل سمبڑیال میں 256گھروں میں 2405 افراد اور 329 مسافروں کو قرنطینہ کیا گیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -