چین نے کروناوائرس کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کو ترجیح دی ہے:وزیر اعظم عمران خان

چین نے کروناوائرس کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کو ترجیح دی ہے:وزیر اعظم عمران ...
چین نے کروناوائرس کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کو ترجیح دی ہے:وزیر اعظم عمران خان

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین نے نوول کروناوائرس کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کو ترجیح دی ہے۔عمران خان نے کہاکہ پاکستان خوش قسمت ہے کہ چین ہمیں سامان کی فراہمی میں ترجیح دے رہا ہے کیونکہ چین نے وبا پر قابو پانا شروع کردیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میں ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے نبٹنے کے لئے چین نے پاکستان کو ترجیح دی اور پاکستان آنے والا تمام سامان چین سے آرہا ہے،وہاں حفاظتی سازوسامان خصوصا وینٹیلیٹرز کی طلب تھی، پاکستان کو بھی اس سامان کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر طبی عملے کو یقین دلایا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چینی حکومت کی جانب سے آٹھ رکنی طبی ماہرین کی ٹیم 28 مارچ کو نوول کروناوائرس کی وبا سے جنگ میں پاکستان کی مدد کے لئے اسلام آباد پہنچی تھی، اس سے ایک روز قبل شمالی گلگت بلتستان (جی بی) کے علاقے خنجراب پاس پر چین کی جانب سے تقریبا دو ٹن طبی سامان پاکستان کے حوالے کیا گیا جبکہ  پی آئی اے کا پہلا 777 جہاز آج صبح چین سے14ٹن سامان لیکراسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کےمطابق چین سے100 تھرمل سکینر اور دوسرا ذاتی حفاظتی سامان منگوایا گیا ہے،ذاتی حفاظتی سامان میں تقریبا9لاکھ ماسک،60ہزار حفاظتی عینکیں اور33 سوسے زائد حفاظتی سوٹ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر2ہزار ایک سو چار ہو گئی ہے جبکہ پاکستان میں  کورونا سےمتاثر 82افرادمکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پاکستان میں  کورونا کے 178نئے کیسز رپورٹ بھی ہوئےہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -کورونا وائرس -