نیویارک میں کورونا وائرس کے کتنے مریض جوان ہیں؟ وہ اعدادوشمار جو وزیراعظم عمران خان کو ضرور دیکھنے چاہئیں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں نوجوان لڑکے لڑکیوں کی تعداد اتنی ہے کہ ڈاکٹرز بھی انگشت بدنداں ہیں۔ بلومبرگ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ عمر رسیدہ افراد اس وائرس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں لیکن نیویارک میں یہ بات الٹ لگ رہی ہے جہاں کورونا وائرس کی سنگین علامات کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے والے ہر 5میں سے ایک مریض کی عمر 44سال سے کم ہے اور یہ شرح باقی دنیا کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ”نیویارک میں نوجوان لوگوں میں کورونا وائرس کی علامات سنگین ہونے کی شرح اتنی زیادہ ہونے کی وجہ ناقابل فہم ہے۔ ان میں بیشتر ایسے لوگ ہیں جو عمر کی 20اور 30کی دہائی میں ہیں اور انہیں ماضی میں کوئی بڑی بیماری بھی لاحق نہیں رہی۔ وہ بالکل صحت مندتھے لیکن کورونا وائرس کی علامات ان میں سنگین ہو رہی ہیں اور انہیں ہسپتال میں داخل کرنا پڑ رہا ہے۔
میٹن ہیٹن کے ماﺅنٹ سینائی مارننگ سائیڈ ہاسپٹل کی ڈاکٹر کینڈریا جیکسن کا کہنا تھا کہ ”ہمیں چین اور اٹلی سے جو تصویر دکھائی گئی، یہاں وہ غلط ثابت ہو رہی ہے۔ وہاں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی علامات زیادہ تر ان لوگوں میں زیادہ سنگین ہوتی ہیں جن کی عمر 55سال سے زیادہ ہو یا وہ ذیابیطس اور دل کی بیماریوں سمیت دیگر عارضوں میں مبتلا ہوں۔ تاہم یہاں صحت مند نوجوانوں کی حالت حیران کن طور پر کہیں زیادہ تشویشناک ہو رہی ہے۔“