’اس نے مجھے کورونا وائرس کرایا‘ آدمی نے اپنی ڈاکٹر محبوبہ کو قتل کردیا
روم(مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی میں ایک آدمی نے اپنی ڈاکٹر محبوبہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا کیونکہ اس کی وجہ سے اسے کورونا وائرس لاحق ہوا تھا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس 28سالہ نوجوان کا نام انٹونیو ڈی پیس ہے جو ہسپتال میں نرس کی ملازمت کرتا ہے۔وہ اوراس کی 27سالہ گرل فرینڈ ڈاکٹر لورینا کوارینٹا دونوں اٹلی کے شہر میسنیا کے ایک مقامی ہسپتال میں تعینات تھے۔ ڈاکٹر لورینا ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کر رہی تھی۔ تین ہفتے قبل انٹونیو میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی اور اس کا خیال تھا کہ ڈاکٹر لورینا چونکہ ہسپتال سے آتی تھی لہٰذا وہ وائرس گھر لے کر آئی اور اسے لاحق ہو گیا۔
انٹونیو کی حالت کچھ دن کافی تشویشناک رہی اوروہ ہسپتال میں داخل رہا۔ پھر وہ صحت یاب ہو کر گھر واپس آ گیا لیکن اس نے آنے کے دو روز بعد گلہ گھونٹ کر ڈاکٹرلورینا کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اسے قتل کرنے کے بعد انٹونیو نے خود پولیس کو کال کرکے بتایا کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کو قتل کر دیا ہے۔ پولیس ان کے اپارٹمنٹ پر پہنچی تو سامنے لورینا کی لاش پڑ ی تھی۔ انٹونیو نے پولیس کو بتایا کہ ”لورینا نے مجھے کورونا وائرس کرایا تھا، جس کی وجہ سے میں نے اسے قتل کر دیا۔“پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ”ڈاکٹر لورینا کوروناوائرس کے خلاف جانفشانی سے لڑ رہی تھی۔ اس کا قتل ایک افسوسناک سانحہ ہے۔“