وہ ملک جس کی ملکہ ان حالات میں ہسپتال ورکرز کے لیے خود کھانا پکاتی ہے
کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں ڈاکٹر کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں پہلی صف میں کھڑے برسرپیکار ہیں اور اپنی زندگیاں داﺅ پر لگائے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا ڈاکٹروں کے لیے اظہار تشکر کر رہی ہے۔ ایسے میں ملائیشیاءکی ملکہ نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ڈاکٹروں کی خدمت کا بیڑا اٹھا لیا ہے اور ان کے لیے خود کھانا بنانا شروع کر دیا ہے۔ ایم ایس این کے مطابق اس وقت ملائیشیاءکے بادشاہ اور ملکہ دونوں قرنطینہ میں ہیں کیونکہ گزشتہ دنوں محل کے سٹاف میں سے 7افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم اس سے پہلے ملکہ اپنے ہاتھوں سے کھانا بنا کر ہسپتال میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کے لیے بھیج رہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ملکہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ اپنے کھانا بنانے کے شوق کی وجہ سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔ملائیشیاءمیں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے وہ اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر مختلف کھانوں کی تصاویر پوسٹ کرتی آ رہی تھیں، جو وہ مختلف ہسپتالوں میں بنا کر بھیج رہی تھیں۔ ایسی ہی ایک تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ”یہ کم از کم ہے جو اپنی جانوں کی قربانی دینے والے ڈاکٹروں کے لیے میں کر سکتی ہوں۔ میں انہیں سلام کرتی ہوں۔“