سندھ کے بعد پنجاب میں بھی جمعہ کے اجتماعات مختصر کرنے کا فیصلہ، کتنے لوگ نماز پڑھ سکیں گے؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر جمعہ کے اجتماع کو انتہائی محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب حکومت نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے حوالے سے طریقہ کار واضع کر دیا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر جامعہ مسجد میں 3سے 5 افراد بشمول خطیب،موذن اور انتظام کرنے والے کو نماز جمعہ کی اجازت ہوگی جبکہ باقی افراد گھروں پر ہی جمعہ کی نماز ادا کرسکیں گے۔ پنجاب حکومت نے اس ضمن میں گزشتہ جمعہ کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن پر من و عن عمل درآمد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعہ کی نماز کے اجتماع کو محدود کرنے کا اقدام حکومت پنجاب نے علماء کرام اور طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا ہے، پنجاب حکومت نماز جمعہ کے سلسلہ میں جامعہ نعیمہ کی جانب سے وباء کے پھیلاؤ کے باعث جاری ہونے والے فتوی کی بھی مدد لے گی۔ اسلامی نظریاتی کونسل نماز جمعہ کو محدود کرنے کے حوالے سے پہلے ہی رائے دے چکی ہے۔