ایم جی کی الیکٹرک کار کی پاکستان میں قیمت کتنی ہوگی ؟جاوید آفریدی نے عندیہ دیدیا، بڑی خوشخبری

ایم جی کی الیکٹرک کار کی پاکستان میں قیمت کتنی ہوگی ؟جاوید آفریدی نے عندیہ ...
ایم جی کی الیکٹرک کار کی پاکستان میں قیمت کتنی ہوگی ؟جاوید آفریدی نے عندیہ دیدیا، بڑی خوشخبری
سورس: Facebook/JAfridiofficial

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں حالیہ متعارف کروائی گئی الیکٹرک کار ’وولنگ ہانگ گوانگ منی ای وی‘ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور گزشتہ دنوں پشاور زلمی کے چیئرمین اور ہائر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید آفریدی کی طر ف سے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اس گاڑی کے متعلق ٹویٹ کرنے پر یہ انتہائی سستی الیکٹرک گاڑی پاکستانیوں کی توجہ کا بھی مرکز بن گئی ہے،انہوں نے اشارہ دیا تھاکہ یہ گاڑی ایک ملین روپے سے کم قیمت ہوگی۔ یہ ایک چھوٹی الیکٹرک گاڑی ہے جو جنرل موٹرز اور ایس اے آئی سی موٹرز نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ چینی مارکیٹ میں 2020ءکے آغاز میں متعارف کروائی گئی تھی۔ جولائی 2020ءمیں اس کی فروخت کا آغاز ہوا اور جنوری 2021ءتک یہ 1لاکھ 60ہزار کی تعداد میں فروخت ہو چکی تھی۔
ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس گاڑی کے دو ماڈلز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں سے ایک میں 9.2کلو واٹ آور (kWh)بیٹری پیک دیا گیا ہے۔ اس ماڈل کی گاڑی ایک بار بیٹری چارج کرنے پر 120کلومیٹر سفر کر سکتی ہے۔ دوسرے ماڈل میں 13.8کلوواٹ آور بیٹری پیک دیا گیا ہے چنانچہ یہ گاڑی ایک ری چارج میں 170کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے۔ ان دونوں ماڈلز میں 13کلوواٹ سنگل الیکٹرک موٹر دی گئی ہے جو 17.4ہارس پاور طاقت اور 85نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے۔
 ان گاڑیوں میں اے بی ایس بریک، ٹائرپریشر مانیٹرنگ سنسرز، ریئر پارکنگ سنسرز، اے سی، پاور ونڈوز، سٹیریو سسٹم، 12سٹوریج کمپارٹمنٹس و دیگر پرکشش فیچرز مہیا کیے گئے ہیں۔اس گاڑی کی قیمت 4ہزار 162ڈالر (تقریباً 6لاکھ 33ہزار روپے) سے 5ہزار 607ڈالر (تقریباً 8لاکھ 53ہزار روپے)تک ہے۔جاوید آفریدی ایم جی پاکستان کے بڑے شیئر ہولڈر ہیں چنانچہ ان کی طرف سے اس گاڑی سے متعلق ویڈیو ٹویٹ کیے جانے سے عندیہ مل رہا ہے کہ یہ گاڑی پاکستان میں بھی جلد متعارف کرائی جا سکتی ہے۔اس قیمت میں یہ گاڑی اگر پاکستان میں متعارف کرائی جاتی ہے تو کچھ بعید نہیں کہ یہ پاکستانی مارکیٹ کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں شامل ہوجائے۔

مزید :

بزنس -