اُس وینا ملک سے اِس وینا ملک تک

اُس وینا ملک سے اِس وینا ملک تک

  

اسے محض اتفاق سمجھئے کہ ہمارا گزشتہ کالم ملک کی معروف اداکارہ میرا کی شادی کے مسئلے پر تھا تو آج کا کالم ہماری فلم انڈسٹری کی ایک اداکارہ بلکہ انڈسٹری کی ”ہیرا“ وینا ملک کے بارے میں ہے۔وینا ملک کی ہمارے دل میں اتنی ہی عزت ہے، جتنی ہونی چاہیے تھی۔جب سے انہوں نے ایک بھارتی میگزین کے لئے فوٹو شوٹ کروایا ہے۔وہ خاص لوگوں میں اتنی مقبول ہوچکی ہیں، جتنے سابق صدر پرویز مشرف اپنے اقتدار کے ابتدائی ایام میں ہوا کرتے تھے، جبکہ عوام میں وینا کی اتنی عزت ہے، جتنی پرویز مشرف کی اقتدار سے رخصتی کے وقت رہ گئی تھی۔وینا ملک خاتون ہیں، مگر کام ہمیشہ بڑے مردانہ کرتی ہیں۔ان کی بھارتی میگزین میں تصاویر دیکھ کر تو بڑے بڑے پہلوان قسم کے مرد بھی دیکھتے ہی رہ گئے تھے۔ہمیں یہ تو نہیں معلوم کہ انہوں نے کیا سوچ کر یہ فوٹو بنوائے، مگر ظاہر ہے کہ کچھ سوچ کر ہی بنوائے ہوں گے، مگر ہمارا دوست کہتا ہے کہ ”نہیں انہوں نے کچھ سوچ کر نہیں بنوائے“....ہم نے پوچھا تو پھر کیسے ہوتے؟....اس سے بھی بہتر ہوتے“۔

 ہمیں یہ تو نہیں معلوم وینا ملک کو اس فوٹوشوٹ کے کتنے پیسے ملے ہوں گے، مگر یہ ضرور ہے کہ اس فوٹو شوٹ کے بعد انہوں نے اتنی شہرت حاصل کرلی ہے،جتنی اس سے پہلے اپنے پورے فلمی کیرئیر میں نہیں پائی ہوگی۔اگر آپ کو یقین نہ آئے تو اپنے موبائل میں آنے والے میسج چیک کرلیا کریں کہ لوگوں نے اتنے مسیج صدر آصف علی زرداری کے نام سے فارورڈ نہیں کئے ہوں گے،جتنے وینا ملک کے نام سے۔نوجوانوں کے ”مسائل“ کے اتنے حل حکیموں کے پاس نہیں ہوں گے،جتنے موبائل پر وینا ملک کے نام سے آتے ہیں۔اب تک تو بطور ”حکیم“ لوگوں میں ان کی اتنی پذیرائی ہو چکی ہے کہ ہمیں تو لگتا ہے کہ اگر وینا اداکاری کے بعد حکمت شروع کردیں تو وہ ایکٹنگ سے زیادہ کامیاب رہیں گی۔ویسے بھی دونوں پےشوں میں ایک بات مشترک ہے کہ دونوں انسانی تاریخ کے قدیم ترین پےشے سمجھے جاتے ہیں۔

 اداکارہ وینا ملک کی اداکارانہ صلاحیتوں کے تو ہم ایک عرصے سے معترف ہیں۔ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں ان کے رونے نے تو ہمیں بھی رلا دیا تھا، مگر بعد میں ہنسی آئی کہ بات تو ہنسنے والی تھی۔وینا ملک کرکٹر محمد آصف کے حوالے سے کافی عرصے تک خبروں میں ان رہیں،بقول وینا انہوں نے آصف پرشادی کی امید پر کروڑوں کی ”انویسٹمنٹ“ کی، مگر آصف نے اداکارہ سے بھی بہتر اداکارانہ صفات کا مظاہرہ کیا۔وہی کام کیا،جو ہماری انڈسٹری کی اداکارائیں عموماً پروڈیوسرز حضرات سے کرتی ہیں۔پچھلے دنوں اخبارات میں خبر شائع ہوئی کہ وینا ملک کو ایک بھارتی میگزین نے انجلینا جولی، برٹنی اسپئرز، کیمرون ڈیاز، پونم پانڈے ، سونم کپور اور شلپا شیٹھی کے مقابلے میں بھی پرکشش خاتون قرار دے دیا ہے۔ہمیں حیرت ہوئی کہ وینا ان حسیناﺅں کے مقابلے میں نمبرون کیسے آ گئیں؟ وہ تو بعد میں پتہ چلا کہ مذکورہ میگزین ہے ہی مردوں کا اور ظاہر ہے وینا جو کارنامے دکھاچکی ہیں، اس پر انہیں اسی فیصد مردوں نے تو ویسے ہی پسند کرلینا تھا۔گزشتہ دنوں نیوزچینلز پر ٹکرز چلتے ہوئے دیکھے کہ وینا کے والد نے انہیں تحریک انصاف میں شمولیت کا مشورہ دیا ہے۔

والد نے اپنی بیٹی کو مشورہ دیا ہے۔ظاہر ہے اس پر ہمیں کیا اعتراض ہو سکتا ہے، مگر ہمیں امید تھی کہ یہ مشورہ اور دعوت عمران خان کو خود دینی چاہیے تھی،کیونکہ وینا ان کی سب سے بڑی ڈیمانڈ پر پورا اترتی ہیں۔عمران خان نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی میں وہی شخص شامل ہو سکتا ہے،جو اپنے تمام اثاثے ظاہر کرے گا۔اس لحاظ سے وینا ملک سب سے آگے رہیں کہ انہوں نے تو اپنے تمام تر”پوشیدہ اثاثے“ ظاہر کردیئے، مگر اس کے باوجود انہیں عمران خان کی طرف سے تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت نہ ملنا یقیناً ان کے ساتھ زیادتی ہے۔عمران خان کی اس بے پروائی سے یقیناً ان سیاستدانوں کے دل بھی ٹوٹے ہوں گے اور سوچ بھی بدلی ہوگی جو اپنے اثاثے ظاہر کرکے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا سوچ رہے ہوں گے۔اب ان کی سوچ یہ ہوگی کہ اگر وینا ملک اپنے تمام ”اثاثہ جات“ ظاہر کرکے بھی عمران خان کی نظر میں شرف مقبولیت نہ پا سکیں تو ان کے ہاتھ بھی اپنے اثاثے ظاہر کرکے کچھ نہیں آنے والا ،البتہ ایسا کرنے کے بعد وہ نیب کے ہاتھ ضرور آ سکتے ہیں۔  ٭

مزید :

کالم -