ملک میں نیا سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں،وسیم اختر

ملک میں نیا سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں،وسیم اختر

  

لاہور(سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ ملک میں ایک نیا سیاسی بحران پیداکرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں پی ٹی آئی کو ’’ڈی سیٹ‘‘کرنے کامعاملہ آئین وقانون کے تناظر میں حل کیاجائے ملک نئی محاذآرائی کامتحمل نہیں ہوسکتاماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے مگریوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر 90کی دہائی والی سیاست ہونے جارہی ہے ہمیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کوتسلیم کرتے ہوئے ملک وقوم کے وسیع ترمفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے ملک وقوم مزیدکسی بھی قسم کے عدم استحکام اور سیاسی شوبازی کے متحمل نہیں ہوسکتے ترقی وخوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ تمام تراختلافات بھلاکر یکجہتی کے ساتھ کام کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ جمہوری نظام کے استحکام اور غیر جمہوری قوتوں کی سرکوبی کیلئے حکمرانوں کودانشمندانہ فیصلے کرنے ہوں گے عوامی مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔لاقانونیت کی انتہاء ہوچکی ہے بلد یا تی انتخابات کاالتواء درحقیقت عوام کے آئینی حقوق کومجروح کرنے کے مترادف ہے ملک کی خراب صورتحال کے باعث سرمایہ دار پاکستان آنے کی بجائے دوسرے ممالک کا رخ کررہے ہیں ملکی وقومی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے آئے دن مصنوعی بحران پیداکئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کرے گی جس سے جمہوریت کوخطرہ،مارشل لاء کی راہ ہموار اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوملک دشمنوں کی سازشوں کوناکام بنانے کے لئے اتحادویکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگاجماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ انتخابات میں دھاندلی کی روک تھام کے لئے اصلاحات کاعمل ناگزیر ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -