ود ہولڈنگ ٹیکس تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے ، منظور وٹو

ود ہولڈنگ ٹیکس تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے ، منظور وٹو

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب 5اگست کی تاجر برادری کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے انکے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کی اعلان کرتی ہے۔ یہ بات صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹونے پیپلز پارٹی کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی جسکی قیادت سہیل ملک ، وائس پریذیڈنٹ کر رہے تھے ۔ وفد نے میاں منظور احمد وٹو سے آج پیپلز پارٹی پنجاب سیکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ وفد کے دوسرے ارکان میں نادر خان، زونل صدر اورسابق ٹکٹ ہولڈر ، وحید قریشی ، عارف خان، قیصر مصطفی، چوہدری صادق ، عمران اٹھوال اور محمد حسین شامل تھے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ چھوٹے تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے جس سے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی چھوٹے تاجروں کو اپنا حلقہ سمجھتی ہے اور انہیں کبھی بھی تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں پر ٹیکس لگانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو بڑھائے ،ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے منی لانڈرنگ کے رجحان کو تقویت ملے گی جو ملکی معیشت کو کھوکھلا کر دیگی۔

مزید :

علاقائی -