وطن کی مٹی کی پکارپرہمیشہ لبیک کہا ہے ،وزیراعلیٰ کا پر جوش خطاب

وطن کی مٹی کی پکارپرہمیشہ لبیک کہا ہے ،وزیراعلیٰ کا پر جوش خطاب

  

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈمیں انسداد دہشت گردی فورس کے 332 کارپورلز پر مشتمل تیسرے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے دوران انتہائی خوش دکھائی دئیے۔وزیراعلیٰ نے جیپ میں کھڑے ہو کر پاس آؤٹ ہونیوالے کارپورلز کی پریڈ کا معائنہ کیا اور ان کی جدید تربیت کے معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج ،پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس کی کارکردگی اور لازوال قربانیوں کو سراہااورکہا کہ پنجاب حکومت اپنے بجٹ سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کررہی ہے اور یہ قومی ضرورت بھی ہے اوروطن کی مٹی کی پکار بھی ۔میں نے ہمیشہ وطن کی مٹی کی پکارپر لبیک کہا ہے اور پولیس کو کبھی بھی وسائل کی کمی نہیں آنے دی۔وزیراعلیٰ نے ملک میں ناانصافی ، غربت اور بے روزگار ی اور معاشی ناہمواری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سب نے ملکر ظلم وزیادتی کے کھیل کا خاتمہ کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے تقریر کے اختتام پر ’’پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد‘‘ کانعرہ لگایا۔ وزیراعلیٰ نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کارپورلز کو اعزازی شمشیر، شیلڈز اور انعامات بھی دیئے۔انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق سکھیرا نے وزیراعلیٰ کو پنجاب پولیس کی یادگاری شیلڈ پیش کی ۔

مزید :

صفحہ آخر -