ملک بھر میں بارشوں ،لاہور میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار

ملک بھر میں بارشوں ،لاہور میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار

  

لاہور (وقائع نگار) ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہاجبکہ لاہور میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں کمی آ گئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ موسلادھار بارشوں سے اگلے دو روز کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی فاٹا، پوٹھو ہار اور ڈی جی خان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے تین روز کے دوران اسلام آباد، کشمیر، پنجاب، فاٹا اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، پشاور، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور فاٹا میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اگلے دوروز کے دوران گلگت بلتستان اور چترال میں بھی بارش کے باعث مقامی دریاوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مری میں 111 ملی میٹر جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں پڑی جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

موسم

مزید :

صفحہ آخر -