دوران پرواز چھوٹے جہاز سے گرجانے والا موبائل فون واپس کیسے مل گیا؟
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ہمارا موبائل فون ہاتھ سے فرش پر گر پڑے تو اس کی موت ہو جاتی ہے اور دوبارہ چل کر نہیں دیتا لیکن اس امریکی بزنس مین کا آئی فون ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہوئے 9300فٹ کی بلندی سے گرا اور پھر بھی وہ ٹھیک ٹھاک چل رہا ہے۔ امریکی ریاست ٹیکساس کا ایک کاروباری شخص بین ولسن چھوٹے طیارے میں ایک پائلٹ کے ہمراہ سفر کر رہا تھا، اس دوران ہوا کے دباؤ کے باعث جہاز کا دروازہ کھل گیا اورہوا کے پریشر کے باعث پھسل کر اس کا آئی فون جہاز سے نیچے گر گیا۔اس وقت جہاز 9300فٹ کی بلندی پر تھا۔جہاز کے لینڈنگ کرنے تک ولسن اپنے آئی فون کی گمشدگی سے لاعلم رہا۔ جب جہاز سے اترنے لگا تو اس نے آئی فون تلاش کرنا شروع کیا جو نہ ملنا تھا نہ ملا۔ اس پر بین ولسن نے ایپل کی ایپلی کیشن Find my iPhoneکے ذریعے اپنے آئی فون کو تلاش کیا۔ ایپلی کیشن نے وہاں سے 95کلومیٹر دور جیکس بورو کے علاقے میں آئی فون کی موجودگی ظاہر کی۔ ولسن نقشے کی پیروی میں اس جگہ پہنچا جہاں اس کا فون بالکل صحیح حالت میں پڑا تھا اور بالکل ٹھیک چل رہا تھا۔