عمران سے بدلہ لینا ہوتا تو اسمبلی میں بحث کراتا:ایازصادق

عمران سے بدلہ لینا ہوتا تو اسمبلی میں بحث کراتا:ایازصادق
عمران سے بدلہ لینا ہوتا تو اسمبلی میں بحث کراتا:ایازصادق

  

لاہور (ویب ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تمام جماعتوں کے ارکان میرے لیے برابر ہیں،عمران خان سے بدلہ لینا ہوتا تو اسمبلی میں بحث کراتا ، ایم کیوایم اورجے یوآئی (ف)کی تحاریک پرایوان میں وہی کروں گاجوآئین اورقانون کہتا ہے ، ایچی سن کالج کے پرنسپل کی برطرفی کے معاملے سے میرا کوئی تعلق نہیں ، کیسے ممکن ہے کہ سپیکرسفارش کرتا اور پوتے کا داخلہ نہ ہوتا۔ وہ گزشتہ روز سمن آباد کے علاقہ میں ٹیوب ویل کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ کسی جماعت کے رکن کیساتھ کبھی تفریق نہیں کی۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر غیر جانبدار رہوں گا۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے 40دن غیر حاضر رہے تو سپیکر کی حیثیت سے اعلان کر دیا کہ کون کون سے ممبر غیر حاضر تھے جس پر مجھ پر تنقید ہوئی۔ ایک سوال پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پوتے کے داخلے کے حوالے سے میرے خلاف میڈیا میں مہم چلائی گئی ہے ، کالج کے پرنسپل کو مالی بے ضابطگیوں کی بنا پر ہٹایا گیا۔ ایچی سن کالج میں کسی کو داخل کرانا میرے لیے کوئی مسئلہ نہیں، میں قومی اسمبلی کا سپیکر ہوں۔

مزید :

لاہور -