ہزاروں سال پرانے مندر کے نیچے سے ایسی چیز نکل آئی کہ دنیا میں ہنگامہ ہوگیا
میکسیکو سٹی (نیوز ڈیسک) میکسیکو کے علاقے پلینکے میں مایا تہذیب کے ایک قدیم مقبرے کے نیچے کچھ گڑ بڑ کے آثار دیکھ کر ماہرین آثار قدیمہ نے کھدائی شروع کی تو ایک حیرت انگیز دریافت ان کی منتظر تھی۔ یو ایس اے ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کو خدشہ تھا کہ زیر زمین ارضیاتی تبدیلیوں کے باعث قدیم مقبرہ زمین بوس ہوسکتا ہے جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا، لیکن مقبرے کے نیچے آبی سرنگوں کا ایک حیرتناک نظام دریافت ہوگیا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ قدیم بادشاہ پکال کا مقبرہ تقریباً 13 صدیاں قبل ایک قدرتی چشمے کے اوپر تعمیر کیا گیا تھا جس میں سے نکلنے والی سرنگیں مقبرے کے سامنے والے حصے کو پانی پہنچاتی تھیں۔ تاریخ دانوں کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد بادشاہ پکال کی روح کو عالم ارواح میں پہنچنے کا راستہ فراہم کرنا تھا۔ مایا تہذیب کے نظریات پر تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کا ماننا تھا کہ دیوتا شاک مردے کو پانی میں سر کے بل کھینچتا ہوا عالم ارواح میں لے کر جاتا ہے۔ بادشاہ پکال کے روح کو بھی آبی راستہ فراہم کرنے کے لئے یہ سرنگیں تعمیر کی گئیں۔ مقبرے کے نیچے واقع سرنگیں دو فٹ چوڑی اور دو فٹ بلند ہیں اور ان میں 13 صدیاں گزرنے کے باوجود آج بھی پانی بہہ رہا ہے۔